قومی اسمبلی میں پی ٹی آئی کے لیے گنجائش تقریباً ختم ہو چکی، شفیع جان

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے مشیر اطلاعات شفیع جان کا کہنا ہے کہ قومی اسمبلی میں پاکستان تحریک انصاف کے لیے جگہ تقریباً ختم ہو گئی ہے۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے شفیع جان کا کہنا تھا کہ آزاد قرار دیے جانے کے باوجود پی ٹی آئی کے اراکین میں کوئی فارورڈ بلاک نہیں بنا جو اس بات کا ثبوت ہے کہ پارٹی جمہوری اقدار پر قائم ہے۔

شفیع جان نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف ایک جمہوری جماعت ہے اور 9 مئی سے لے کر آج تک پارٹی بانی کے نظریے کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑی ہے، سینیٹ، وزیراعلیٰ کے انتخاب اور قانون سازی سمیت ہر اہم مرحلے پر پی ٹی آئی نے اتحاد کا مظاہرہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف اس وقت بھی ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت ہے اور پارٹی کے اندر اختلافات ایک فطری عمل ہیں تاہم تمام اراکین بانی پی ٹی آئی کے ساتھ ایک پیج پر ہیں۔

شفیع جان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی تمام نشستیں بانی پی ٹی آئی کی امانت ہیں اور تمام تر دباؤ کے باوجود پارٹی اراکین نے اپنی وفاداری نبھائی۔

این ڈی یو کے ایونٹس سے متعلق بات کرتے ہوئے شفیع جان نے کہا کہ کسی سماجی یا تعلیمی ایونٹ میں شرکت کو غداری سے جوڑنا درست نہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایونٹس کے بعد سلام دعا اور چائے ایک معمول کی سماجی روایت ہے جسے غلط رنگ نہیں دیا جانا چاہیے۔

انہوں نے واضح کیا کہ پارلیمانی پارٹی اور خیبر پختونخوا اسمبلی میں اعزازات ہر سال دیے جاتے ہیں اور یہ کوئی غیر معمولی بات نہیں۔

شفیع جان نے بانی پی ٹی آئی کے ساتھ مبینہ ناروا سلوک پر اقوام متحدہ کے نمائندے کے سخت ردعمل کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اسے غیر انسانی قرار دیا گیا ہے جبکہ بار بار درخواستوں کے باوجود ملاقاتوں کی اجازت نہ ملنا تشویشناک ہے۔

یہ بھی پڑھیں: لائیو شو میں افغانی کہنے پر جلال خان آپے سے باہر، شفیع جان کو گالی دے دی

انہوں نے ملک میں قانون اور آئین سے متعلق سنگین مسائل کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن لیڈر کا نوٹیفکیشن تاحال جاری نہیں کیا گیا، مذاکرات کی بات تو کی جاتی ہے مگر عملی اقدامات نظر نہیں آتے۔

شفیع جان نے کہا کہ احتجاجات عوامی سطح پر جاری ہیں جن میں قومی اسمبلی اور اڈیالہ جیل کے باہر ہونے والے احتجاج شامل ہیں، پی ٹی آئی اپنے بیانیے اور تحریک کو جاری رکھنے کے لیے مختلف سیاسی اور آئینی اقدامات کر رہی ہے۔

Scroll to Top