صوبائی کابینہ کا اجلاس: رمضان و عید پیکیج سمیت اہم منصوبوں کی منظوری

پشاور۔ خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ علی امین خان گنڈاپور کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا 25واں اجلاس پشاور میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں مختلف ترقیاتی منصوبوں اور عوامی فلاحی اقدامات کی منظوری دی گئی۔

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے اجلاس میں صوبے کے 10 لاکھ غریب خاندانوں کے لیے رمضان اور عید پیکیج کے لیے فنڈز کی منظوری دی۔ وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ غرباء، یتیموں اور ٹرانسجنڈر افراد کو اس پیکیج کا شفاف طریقے سے فائدہ پہنچایا جائے گا، اور دہشت گردی سے متاثرہ غریب خاندانوں کو بھی اس پیکیج میں شامل رکھا جائے گا۔

وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ غریب اور معذور افراد کا خصوصی خیال رکھا جائے گا، اور تمام ٹرانسجنڈر افراد کو بھی اس پیکیج میں شامل کیا جائے گا۔ انہوں نے ہدایت دی کہ پیکیج کی تقسیم 15 رمضان سے قبل مکمل کی جائے تاکہ عوام کو بروقت سہولت مل سکے۔

اجلاس میں صوبے کے 15 یتیم طلبہ کے لیے ایبٹ آباد پبلک سکول میں سالانہ 4.920 ملین روپے کی گرانٹ کی منظوری بھی دی گئی۔ علاوہ ازیں، ارشاد دی گئی کہ ارباب نیاز کرکٹ سٹیڈیم کا نام عمران خان کرکٹ سٹیڈیم رکھا جائے۔

مزید برآں، ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے 3,687 اساتذہ کے لیے 1028.673 ملین روپے کی رقم جاری کرنے کی منظوری دی گئی، جس سے اساتذہ کی تنخواہوں کی بروقت ادائیگی ممکن ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کا مریم نواز کو بڑا چیلنج

کابینہ نے بس اڈوں کی بہتر انسپکشن کے لیے موٹر وہیکل رولز 1969 میں ترامیم کی منظوری بھی دی۔ اس کے علاوہ، محکمہ اوقاف کے لیے گرانٹ کی منظوری اور بی ایس نرسنگ گریجویٹس کے لیے ماہانہ 31,000 روپے انٹرنشپ منصوبے کی منظوری دی گئی۔

سائنس، ٹیکنالوجی اور آئی ٹی کے شعبے کے لیے خیبرپختونخوا گورنمنٹ رولز آف بزنس 1985 میں ترامیم کی منظوری بھی کابینہ اجلاس میں دی گئی تاکہ ان شعبوں میں ترقی کی رفتار کو مزید تیز کیا جا سکے۔

وزیراعلیٰ علی امین خان گنڈاپور نے اجلاس میں واضح کیا کہ صوبے کی ترقی اور عوامی فلاحی منصوبوں پر بھرپور توجہ دی جا رہی ہے تاکہ عوام کو بہتر سہولتیں فراہم کی جا سکیں۔

Scroll to Top