وفاقی وزیر امور کشمیر و صدر مسلم لیگ (ن) خیبرپختونخوا انجینئر امیر مقام نے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کا وزیراعلیٰ مریم نواز کو مناظرے کا چیلنج قبول کر لیا۔
انجینئر امیر مقام نے کہا کہ علی امین گنڈاپور کسی بھی ٹی وی چینل پر آئیں اور مجھ سے مناظرہ کریں، ہم تیار ہیں۔ وزیراعلیٰ کو چیلنج ہے کہ وہ خیبرپختونخوا اسمبلی میں آئیں اور اپنی کارکردگی پر اپوزیشن لیڈر سے لائیو مناظرہ کریں۔
امیر مقام نے کہا کہ وزیراعلیٰ وقت اور تاریخ بتا دیں تاکہ عوام کے سامنے سچ اور جھوٹ واضح ہوجائے۔
انہوں نے کہا کہ ہم بتائیں گے کہ وزیراعلیٰ مریم نواز نے ایک سال میں پنجاب میں کیا کیا، پی ٹی آئی خیبرپختونخوا میں اپنی 13سالہ کارکردگی بتائے۔علی امین گنڈاپور بتائے کہ ان کے لیڈر کے اعلان کردہ ساڑھے تین سو ڈیمز گیارہ سال میں کیوں نہیں بن سکے؟۔علی امین بتائیں کہ خیبرپختونخوا میں کرپشن میں ملوث وزرا کیخلاف اب تک کیا کارروائی کی گئی ہے؟ کتنے وزرا کو سزا ملی ہے؟
یہ بھی پڑھیں: بشری بی بی ’’فرح گوگی‘‘ کو وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا بنوانا چاہتی ہیں: امیر مقام
رہنما ن لیگ نے مزید کہا کہ 9مئی کو ریاست ، فوجی تنصیبات اور شہدا کی یادگاروں پر حملے کرانے والے ماسٹر مائنڈ کے نام پر ارباب نیاز کرکٹ اسٹیڈیم پشاور کا نام نہیں رکھنے دیں گے۔
پاکستان کو ڈیفالٹ کرانے اور آئی ایم ایف کو معاشی مددسے روکنے کیلئے خط لکھنے والے کے نام پر اسٹیڈیم کا نام نہیں رکھنے دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ کرکٹ میں جوا کھیلنے والے سالے کو جتوانے کیلئے ٹپس دینے والے کے نام پر کرکٹ اسٹیڈیم کا نام نہیں رکھنے کی اجازت دی جائیگی۔ اسرائیل اور بھارت سے فنڈنگ وصول کرنیوالے اور پاکستان کیخلاف بیرونی ممالک سے قرار دادیں منظور کروانے والے کے نام پر کرکٹ اسٹیڈیم کا نام نہیں رکھنے دیں گے۔ 190ملین پائونڈ کی چوری کرنیوالے کے نام پر اسٹیڈیم کانام نہیں رکھنے دیں گے۔ دہشتگردوں کو واپس لاکر بسانے والے کے نام پر اسٹیڈیم کا نام نہیں رکھنے دیں گے۔