شدید دھند، حدِ نگاہ متاثر، موٹروے کئی حصوں میں بند

اسلام آباد: ملک کے مختلف شہروں میں بدھ کے روز شدید دھند کے باعث حدِ نگاہ بری طرح متاثر ہوئی، جس کے نتیجے میں موٹر ویز کے مختلف حصوں کو ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا۔

موٹر ویز پولیس کے مطابق موٹروے ایم 2 لاہور سے کوٹ مومن تک شدید دھند کے باعث بند کر دی گئی ہے، جبکہ لاہور سیالکوٹ موٹروے ایم 11 پر بھی دھند کی وجہ سے ٹریفک معطل رہی۔

اسی طرح موٹروے ایم 3 فیض پور سے سمندری تک بند کر دی گئی ہے۔ بڑی گاڑیوں کے لیے ایم 3 فیض پور سے درخانہ تک آمد و رفت روک دی گئی ہے۔

مزید برآں موٹروے ایم 4 پنڈی بھٹیاں سے فیصل آباد تک ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دی گئی ہے، جبکہ بڑی گاڑیوں کے لیے ایم 4 پنڈی بھٹیاں سے عبدالحکیم تک راستہ بند رکھا گیا ہے۔

موٹروے پولیس کے ترجمان سنٹرل ریجن سید عمران احمد نے بتایا کہ موٹرویز کی بندش کا مقصد شہریوں کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنانا ہے تاکہ دھند کے دوران ممکنہ حادثات سے بچا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ دھند کے دوران لین کی خلاف ورزی اور تیز رفتاری خطرناک حادثات کا سبب بن سکتی ہے، اس لیے تمام روڈ یوزرز کو لین ڈسپلن پر سختی سے عمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

سید عمران احمد نے شہریوں کو مشورہ دیا کہ غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں اور ممکن ہو تو دن کے اوقات میں سفر کو ترجیح دیں۔

یہ بھی پڑھیں : ہنگو میں امن و امان کے قیام کے لیے انتظامیہ، پولیس اور مشران کا مشترکہ گرینڈ جرگہ

موٹروے پولیس کے مطابق دھند میں محفوظ سفری اوقات صبح 10 بجے سے شام 6 بجے تک ہیں۔ ڈرائیور حضرات کو فوگ لائٹس کے لازمی استعمال، مناسب رفتار برقرار رکھنے اور آگے چلنے والی گاڑی سے محفوظ فاصلہ رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ترجمان نے کہا کہ احتیاطی تدابیر پر عمل کر کے نہ صرف اپنی بلکہ دوسروں کی جان بھی محفوظ بنائی جا سکتی ہے۔

مزید رہنمائی یا کسی ہنگامی صورتحال میں مدد کے لیے شہری موٹروے پولیس کی ہیلپ لائن 130سے رابطہ کر سکتے ہیں۔

Scroll to Top