پی ایس ایل کے ساتھ ملتان سلطانز کا سفر ختم ، وجہ سامنے آگئی

اسلام آباد: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں ملتان سلطانز کا سفر باضابطہ طور پر ختم ہو گیا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ رواں سال کے 11 ویں ایڈیشن میں خود انتظامات سنبھالے جائیں گے اور اس کے بعد ٹیم کو فروخت کیا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق فرنچائز کے مالک کی جانب سے دئیے گئے تندوتیز بیانات اور بعد میں نوٹس پھاڑ کر پھینک دینے کے واقعے کے بعد پی سی بی اور ملتان سلطانز کے معاملات میں واپسی کی گنجائش باقی نہیں رہی۔ اسی وجہ سے دیگر فرنچائزز کے برعکس سلطانز کو معاہدہ تجدید کی پیشکش نہیں کی گئی۔

پی سی بی نے فوری طور پر معاہدہ ختم کرنے کے بجائے 31 دسمبر تک انتظار کیا، اور اب فرنچائز کا کنٹریکٹ باضابطہ طور پر ختم ہو چکا ہے۔

نئے ایڈیشن میں پی سی بی خود ٹیم کے انتظامات کرے گا، جبکہ بعد میں فرنچائز کو فروخت کیا جائے گا۔ نئے مالکان فیصلہ کریں گے کہ ٹیم کا نام برقرار رکھا جائے یا کوئی نیا نام اختیار کیا جائے۔

ملکیت کے ساتھ ساتھ تمام سوشل میڈیا اکاؤنٹس اور ویب سائٹ بھی ملتان سلطانز کے سابق مالک کے ہاتھ سے نکل گئی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : یوکرین اور روس امن معاہدے کے انتہائی قریب پہنچ گئے، زیلنسکی

ملتان سلطانز اس وقت 17 لاکھ فیس بک فالوورز، 7 لاکھ 74 ہزار ایکس (ٹویٹر)، 5 لاکھ 76 ہزار انسٹاگرام اور 5 لاکھ 6 ہزار ٹک ٹاک فالوورز کی حامل ہے۔ فرنچائز اس دوران دوسری بار اپنے مالک سے محروم ہوئی ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ علی ترین نے ایک ارب 8 کروڑ روپے سالانہ فیس والی فرنچائز چھوڑ دی، جبکہ وہ ساتویں اور آٹھویں ٹیم کی نیلامی میں بھی شریک ہیں، جہاں فیس ڈیڑھ ارب سے زائد تک جا سکتی ہے۔

پی سی بی کے اس فیصلے سے پی ایس ایل کے اگلے ایڈیشن میں ٹیموں کی صورتحال اور مالکان کی فہرست میں بڑی تبدیلی متوقع ہے۔

Scroll to Top