2026 میں امید کی نئی کرن، پاکستان نے امن اور خوشحالی میں بھارت کو پیچھے چھوڑ دیا، عالمی گیلپ سروے رپورٹ میں سبقت۔
نئی تحقیق کے مطابق، گلوبل اکنامک گیلپ سروے میں پاکستان نے امن اور خوشحالی کے حوالے سے بھارت اور عالمی اوسط دونوں کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ سروے کے تازہ نتائج میں ظاہر ہوا ہے کہ پاکستانی عوام 2026 کے آغاز کے حوالے سے پُرامید ہیں اور ملک کی ترقی و خوشحالی پر اعتماد رکھتے ہیں۔
یہ سروے 60 ممالک میں کیا گیا، جس میں عوامی توقعات اور آنے والے سال کے بارے میں رجحانات کا جائزہ لیا گیا۔ اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں 51 فیصد افراد نئے سال کے حوالے سے مثبت توقعات رکھتے ہیں، جس سے 31 فیصد کا نیٹ مثبت رجحان بنتا ہے۔
معاشی خوشحالی کے حوالے سے بھی پاکستان نمایاں رہا، جہاں 53 فیصد پاکستانیوں نے 2026 کو خوشحالی کا سال قرار دیا، جو کہ بھارت میں 39 فیصد اور عالمی اوسط 24 فیصد سے کافی زیادہ ہے۔ امن کے حوالے سے بھی پاکستان نے بہتر کارکردگی دکھائی، جس میں 52 فیصد پاکستانیوں نے توقع ظاہر کی کہ دنیا میں امن کی صورتحال بہتر ہوگی، جبکہ بھارت میں یہ شرح محض 26 فیصد ریکارڈ کی گئی۔
ماہرین کے مطابق، یہ سطح پاکستان میں 1994 کے بعد امید کی بلند ترین سطحوں میں سے ایک ہے۔ اس سے قبل ایسا رجحان 1990 کی دہائی کے آخر اور 2010 کی دہائی کے وسط میں دیکھا گیا تھا۔
مجموعی طور پر سروے میں پاکستان نے تین اہم پیمانوں—مجموعی امید، معاشی خوشحالی، اور امن کی توقع میں عالمی اوسط سے بہتر کارکردگی دکھائی، اور ان میں سے دو پیمانوں میں بھارت پر سبقت حاصل کی۔
یہ رپورٹ عالمی غیر یقینی حالات کے باوجود پاکستان کے عوام کی مثبت سوچ اور اعتماد کو ظاہر کرتی ہے اور عالمی و علاقائی سطح پر ملک کی تصویر کو بہتر بناتی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اس رجحان سے ظاہر ہوتا ہے کہ پاکستانی عوام 2026 کے حوالے سے پُراعتماد، پُرامید اور مستقبل کے امکانات سے متعلق مثبت سوچ رکھتے ہیں۔





