پشاور: گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ سائنسز (آئی ایم سائنسز) حیات آباد کے چھٹے کانووکیشن میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور تعلیم مکمل کرنے والے طلبہ، ان کے والدین اور فیکلٹی کو مبارکباد پیش کی۔
اپنے خطاب میں گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ تعلیم یافتہ نوجوان دنیا بھر میں پاکستان اور صوبے کے سفیر ہیں اور ان کی کامیابی ملک کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے۔ انہوں نے کانووکیشن میں طالبات کی بڑی تعداد کو ڈگریاں حاصل کرتے دیکھ کر دلی خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ خواتین کی تعلیم سے ہی حقیقی ترقی ممکن ہے۔
فیصل کریم کنڈی نے طلبہ کو مشورہ دیا کہ وہ جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرتے ہوئے آن لائن کاروبار اور ملازمتوں کے مواقع تلاش کریں تاکہ وہ خود مختار بن سکیں۔ انہوں نے صوبائی حکومت کو تجویز دی کہ اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے لیے صوبے کی یونیورسٹیوں میں وائس چانسلرز کی تقرریوں کا عمل جلد مکمل کیا جائے تاکہ تعلیمی ادارے مزید ترقی کر سکیں۔
انہوں نے کہا کہ صوبے میں امن اور ترقی کا انحصار تعلیم پر ہے اور آئی ایم سائنسز جیسے ادارے نوجوانوں کے روشن مستقبل کی تعمیر میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔ گورنر خیبرپختونخوا نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے ملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔