سلمان اکرم راجہ کا بیرسٹر گوہر کے بیان سے لاتعلقی کا اعلان، پارٹی مؤقف کے خلاف قرار دے دیا

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے پارٹی چیئرمین بیرسٹر گوہر کے حالیہ بیان سے واضح لاتعلقی اختیار کرتے ہوئے اسے پارٹی مؤقف کے خلاف قرار دے دیا ہے۔

سلمان اکرم راجہ کا کہنا ہے کہ بیرسٹر گوہر کا بیان نہ صرف نامناسب تھا بلکہ پارٹی کی پالیسی کی بھی درست عکاسی نہیں کرتا۔

واضح رہے کہ بیرسٹر گوہر نے ایک بیان میں کہا تھا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کے لیے بھیک مانگنے کی نوبت آچکی ہے اور اس صورتحال میں دوسروں کے ساتھ ساتھ اپنوں کا بھی کردار شامل ہے۔

اس بیان پر ردعمل دیتے ہوئے سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ پارٹی سطح پر اس بیان کی تردید پہلے ہی کی جا چکی ہے۔

انہوں نے وضاحت کی کہ بیرسٹر گوہر نے جلدبازی میں یہ بات کہی اور لفظ بھیک کا استعمال کسی صورت مناسب نہیں تھا۔

سلمان اکرم راجہ نے دوٹوک انداز میں کہا کہ پی ٹی آئی کسی سے کوئی بھیک نہیں مانگ رہی اور نہ ہی پارٹی نے کوئی ایسی غلطی کی ہے جس کی بنیاد پر بانی پی ٹی آئی سے ملاقاتوں پر پابندی کو جواز بنایا جائے۔

یہ بھی پڑھیں : پاک چین وزرائے خارجہ ملاقات، شراکت داری کے نئے اقدامات سامنے آ گئے

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت سے کسی بھی قسم کی بات چیت اسی صورت ممکن ہو گی جب بانی پی ٹی آئی عمران خان پر عائد ناجائز قدغنیں ہٹائی جائیں گی۔

ان کا کہنا تھا کہ پارٹی اپنے قائد کے آئینی اور قانونی حقوق کے لیے جدوجہد جاری رکھے گی۔

پی ٹی آئی سیکرٹری جنرل کے اس بیان کو پارٹی کے اندرونی اختلافات کے تناظر میں بھی دیکھا جا رہا ہے، جبکہ سیاسی حلقوں میں اسے پارٹی مؤقف واضح کرنے کی کوشش قرار دیا جا رہا ہے۔

Scroll to Top