بیجنگ: پاک چین وزرائے خارجہ نے سفارتی تعلقات کے قیام کی 75 ویں سالگرہ کی تقریبات شایان شان انداز میں منانے کا فیصلہ کیا ہے۔
یہ اعلان پاک چین وزرائے خارجہ کی بیجنگ میں ملاقات کے دوران سامنے آیا، جہاں دو طرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں پاکستان کی نمائندگی نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کی جبکہ چینی وزیر خارجہ وانگ ای شریک ہوئیں۔

دونوں رہنماؤں نے سی پیک، تجارت، کثیر الجہتی تعاون، عوامی روابط اور علاقائی و عالمی امور پر بھی تفصیلی گفتگو کی۔
وزرائے خارجہ نے موسموں کے گرم و سرد سے بے نیاز پاک چین اسٹریٹیجک شراکت داری کو اجاگر کیا اور اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک علاقائی امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے اپنی دوستی اور تعاون کو جاری رکھیں گے۔
یہ بھی پڑھیں : سعودی عرب میں غیر قانونی تارکین وطن کے ممالک کی فہرست سامنے آ گئی
اس ملاقات میں دونوں جانب سے یہ بھی اتفاق کیا گیا کہ دو طرفہ اور کثیر ملکی فورمز پر کوآرڈی نیشن کو مزید فروغ دیا جائے گاتاکہ علاقائی ترقی اور باہمی تعلقات کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔
یاد رہے کہ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار چینی وزیر خارجہ کی دعوت پر پاک چین اسٹریٹجک ڈائیلاگ کے اجلاس میں شرکت کے لیے بیجنگ کے دورے پر ہیں، جس میں تجارت، سرمایہ کاری، دفاعی تعاون اور عوامی رابطوں سمیت اہم موضوعات پر بات چیت متوقع ہے۔





