بیگم خالدہ ضیا ایک عظیم سیاسی رہنما تھیں، وزیراعظم شہباز شریف کا خراجِ تحسین

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ بیگم خالدہ ضیا ایک ویژنری اور عظیم سیاسی رہنما تھیں جنہوں نے اپنی پوری زندگی عوامی خدمت کے لیے وقف کر رکھی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ بیگم خالدہ ضیا پاکستان کی ایک مخلص دوست تھیں اور خطے میں جمہوریت کے فروغ کے لیے ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد میں قائم بنگلہ دیش ہائی کمیشن کا دورہ کیا جہاں انہوں نے سابق بنگلہ دیشی وزیراعظم بیگم خالدہ ضیا کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور فاتحہ خوانی

کی۔ وزیراعظم نے تعزیتی کتاب میں اپنے تاثرات بھی قلمبند کیے۔

اس موقع پر وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ اور وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی بھی وزیراعظم کے ہمراہ موجود تھے۔

وزیراعظم نے بیگم خالدہ ضیا کے اہلِ خانہ اور بنگلہ دیشی عوام سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس دکھ کی گھڑی میں حکومت اور عوام پاکستان بنگلہ دیش کے عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ بیگم خالدہ ضیا کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور پسماندگان کو صبر جمیل دے۔

یہ بھی پڑھیں : بنگلہ دیش کی سابق وزیراعظم خالدہ ضیا طویل علالت کے بعد چل بسیں

 یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے بنگلہ دیش کی سابق وزیراعظم اور اپوزیشن جماعت بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی (بی این پی) کی سربراہ خالدہ ضیا طویل علالت کے بعد 80 سال کی عمر میں انتقال کر گئی تھی۔ پارٹی کی جانب سے ان کے انتقال کی تصدیق کر دی گئی ہے۔

رپورٹس کے مطابق خالدہ ضیا جگر کے سنگین عارضے میں مبتلا تھیں اور کافی عرصے سے اسپتال میں زیر علاج رہیں۔ گزشتہ روز ڈاکٹروں نے ان کی حالت کو انتہائی تشویشناک قرار دیا تھا۔

بنگلادیشی میڈیا کے مطابق ان کا علاج کرنے والے میڈیکل بورڈ کے رکن ڈاکٹر ضیاء الحق نے بتایا کہ خالدہ ضیا کو لائف سپورٹ پر رکھا گیا تھا اور باقاعدگی سے ڈائیلاسس کیا جا رہا تھا۔

ڈاکٹر نے کہا کہ ڈائیلاسس روکنے کی صورت میں ان کی حالت میں نمایاں بگاڑ آ جاتا تھا۔

ڈاکٹر ضیاء الحق نے مزید کہا کہ خالدہ ضیا کی زیادہ عمر اور متعدد پیچیدہ بیماریوں کی وجہ سے ایک ساتھ ہر بیماری کا علاج ممکن نہیں تھا۔

خالدہ ضیا بنگلہ دیش کی پہلی خاتون وزیراعظم تھیں اور وہ ملک کی سیاست میں ایک اہم کردار ادا کرتی رہی ہیں۔

Scroll to Top