اسلام آباد ،سیکٹر G-7 سے افسوسناک خبر آگئی ، 6افراد جان کی بازی ہار گئے

اسلام آباد ،سیکٹر G-7 سے افسوسناک خبر آگئی ، 6افراد جان کی بازی ہار گئے

اسلام آباد کے سیکٹر G-7 ٹو آبپارہ میں ایک شادی کے گھر میں شدید سلنڈر دھماکا ہوا ہے، جس کے نتیجے میں 6 افراد جاں بحق اور 9 سے زائد زخمی ہو گئے ہیں۔

پولیس کے مطابق دھماکے کے باعث عمارت منہدم ہو گئی اور ملبے تلے دب کر کئی افراد زخمی اور جاں بحق ہوئے۔واقعہ 66 کوارٹرز، گلی نمبر 23 میں پیش آیا، جہاں دھماکے کے اثر سے چار گھر متاثر ہوئے ہیں۔ پولیس اور ریسکیو ذرائع کے مطابق دھماکا گیس سلنڈر کے اچانک پھٹنے کے سبب ہوا، جس سے عمارت زمین بوس ہو گئی۔

ریسکیو اہلکاروں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملبے سے 15 افراد کو نکالا، جن میں سے 10 زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، جبکہ بعض زخمیوں کی حالت تشویش ناک بتائی جا رہی ہے۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر صاحبزادہ یوسف موقع پر پہنچ گئے اور امدادی کارروائیوں کی نگرانی کی۔ انہوں نے بتایا کہ ریسکیو ٹیمیں ملبے میں دبے افراد کو جلد از جلد نکالنے کی کوشش کر رہی ہیں اور سرچ آپریشن جاری ہے۔

علاقہ مکینوں کے مطابق دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی، جس سے علاقے کے لوگ خوفزدہ ہو گئے۔ پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سیکیورٹی سخت کر دی ہے اور گیس و بجلی کی فراہمی عارضی طور پر معطل کر دی گئی ہے تاکہ کسی مزید حادثے سے بچا جا سکے۔

انتظامیہ نے کہا ہے کہ واقعے کی مکمل تحقیقات کی جائیں گی تاکہ دھماکے کی اصل وجوہات سامنے آ سکیں اور آئندہ ایسے حادثات سے بچاؤ کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں

یہ واقعہ اسلام آباد میں گیس سلنڈر سے ہونے والے خطرناک حادثات کی یاد دہانی بھی کراتا ہے اور عوام کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ضرورت پر زور دیتا ہے۔

Scroll to Top