وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کے درمیان طے شدہ ملاقات ہفتے کو ملتوی ہو گئی، تاہم اب یہ ملاقات پیر کو ہوگی۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں تاخیر وزرائے اعلیٰ کی مصروفیات کی وجہ سے ہوئی۔ صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ نے تصدیق کی کہ وزرائے اعلیٰ کے درمیان ہفتے کو ملاقات طے نہیں تھی، اس لیے منسوخی کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔
پی ٹی آئی کے جلسے سے متعلق بات کرتے ہوئے ناصر حسین شاہ نے کہا کہ پی ٹی آئی کو جلسے کی اجازت دینے میں چند گھنٹوں کی تاخیر ہوئی، لیکن کرسیاں اور کنٹینر فراہم کرنے میں کوئی دقت نہیں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پارٹی چاہے تو جلسہ ایک دن آگے بھی کر سکتی ہے۔
دوسری جانب، پی ٹی آئی سندھ کے رہنما حلیم عادل شیخ نے کہا کہ پارٹی نے اسٹریٹ موومنٹ کے لیے جلسے کا مطالبہ کیا تھا، لیکن سندھ حکومت نے دن کے وقت جلسے کی اجازت نہیں دی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ پولیس نے وینڈرز کو دھکا دیا اور کنٹینرز کو آنے نہیں دیا جا رہا، جس کی وجہ سے پی ٹی آئی کا جلسہ مزار قائد پر ہونا طے پایا ہے۔
یہ ملاقات سیاسی حلقوں میں اہمیت کی حامل سمجھی جا رہی ہے، کیونکہ اس دوران دونوں صوبوں کے سربراہان کے درمیان سیاسی امور اور تعلقات پر بات چیت متوقع ہے۔





