امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے غزہ فلسطین میں جنگ بندی، انسانی امداد اور تعمیرِ نو کے لیے مجوزہ غزہ پیس پلان کے تحت تشکیل دیے جانے والے پیس بورڈ میں پاکستان کو باضابطہ شمولیت کی دعوت دی ہے۔
صدر ٹرمپ نے مختلف ممالک کے سربراہان کو اس مجوزہ بورڈ میں شامل ہونے کے لیے دعوت نامے ارسال کیے ہیں تاکہ وہ جنگ بندی کے بعد استحکام، امدادی رسائی، بنیادی سہولیات کی بحالی اور طویل المدتی سیاسی حل کے لیے مشترکہ اقدامات میں حصہ لیں، پاکستان کے وزیراعظم کو بھی یہ دعوت موصول ہوئی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ دعوت نہ صرف پاکستان کے لیے اعزاز اور مثبت عالمی شناخت کی علامت ہے بلکہ اس سے ملک کی بین الاقوامی ساکھ اور سفارتی وزن میں بھی اضافہ ہوگا۔
تجزیہ کاروں کے مطابق یہ کامیابی بروقت ریاستی سفارت کاری، مؤثر قومی حکمتِ عملی، اور سول و عسکری ڈپلومیسی کے مربوط اقدامات کا نتیجہ ہے۔
پاکستان کی ممکنہ شرکت فلسطینی عوام، خصوصاً غزہ کے نہتے شہریوں پر مظالم کے خاتمے اور منصفانہ، پائیدار حل کے حصول میں عملی کردار ادا کرنے کا موقع فراہم کرے گی۔
اس کے ساتھ ہی یہ امتِ مسلمہ کے ساتھ ہم آہنگی اور مشترکہ انسانی و اسلامی ذمہ داری کو بھی تقویت دے گی۔
حکومت پاکستان نے ماضی میں فلسطین کے حقِ خود ارادیت، شہریوں کے تحفظ، فوری جنگ بندی، بلا رکاوٹ انسانی امداد اور تعمیرِ نو کی بھرپور حمایت کی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: مارکو روبیو نے غزہ سے متعلق پاکستان کے مؤقف کی تصدیق کر دی
تجزیہ کار اس دعوت کو پاکستان کے لیے عالمی سطح پر مؤثر کردار ادا کرنے اور فیصلوں میں فلسطینی مفادات کے تحفظ کے لیے اہم موقع قرار دیتے ہیں۔
مجموعی طور پر امریکی صدر کی جانب سے یہ دعوت پاکستان کے لیے اعتماد، ذمہ داری، اور بین الاقوامی انسانی کوششوں میں مثبت کردار کے لیے ایک بڑا موقع ہے۔





