یورپی یونین نے امریکا کے ساتھ تجارتی معاہدہ معطل کرنے پر غور شروع کر دیا

برسلز:یورپی یونین نے امریکا کی جانب سے تجارتی اقدامات کے بعد اپنے اہم تجارتی معاہدے کو معطل کرنے پر غور شروع کر دیا ہے۔

عالمی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق گرین لینڈ کے معاملے نے امریکا اور اس کے یورپی اتحادیوں کے درمیان تجارتی تنازع کھڑا کر دیا ہے، اور یورپ نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے متعدد یورپی ملکوں پر ٹیرف لگانے پر جوابی اقدامات کی وارننگ دی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا تھا کہ امریکا متعدد یورپی ملکوں سے آنے والی اشیاء پر کسٹم ڈیوٹی لگائے گا، اور یہ اقدامات گرین لینڈ کی خریداری کے معاہدے کے طے پانے تک جاری رہیں گے۔

ٹرمپ نے گرین لینڈ کی خریداری کو امریکی اور عالمی قومی سلامتی کے لیے انتہائی ضروری قرار دیا ہے۔

امریکی صدر نے ٹروتھ سوشل پر پوسٹ کرتے ہوئے کہا کہ واشنگٹن نے گزشتہ کئی دہائیوں سے ڈنمارک، یورپی یونین اور دیگر ممالک کی مدد بغیر کسی معاوضے یا ڈیوٹی کے کی ہے، اور اب وقت آ گیا ہے کہ اس کا بدلہ لیا جائے، کیونکہ عالمی امن داؤ پر ہے۔

ٹرمپ کے اعلان کے مطابق یکم فروری 2026 سے امریکا آنے والی تمام اشیاء پر 10 فیصد کسٹم ڈیوٹی لگائی جائے گی، جسے یکم جون 2026 سے بڑھا کر 25 فیصد کر دیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں : جی میل صارفین کے لیے گوگل کا بڑا اعلان

یہ ڈیوٹی اس وقت تک نافذ رہے گی جب تک گرین لینڈ کی مکمل خریداری کا معاہدہ نہیں ہو جاتا۔

امریکی صدر نے مزید کہا کہ امریکا گزشتہ 150 سال سے زائد عرصے سے گرین لینڈ حاصل کرنے کی کوشش کر رہا ہے، اور جدید دفاعی نظام گولڈن ڈوم کی وجہ سے یہ حصول اب انتہائی ناگزیر ہو گیا ہے۔

اس فیصلے کے بعد تجارتی تعلقات میں کشیدگی بڑھ گئی ہے، اور یورپی یونین کے اقدامات عالمی تجارتی منظرنامے میں سنجیدہ اثرات ڈال سکتے ہیں۔

Scroll to Top