سونا خواب بنتا جا رہا ہے، ایک ہفتے میں قیمت 8600 روپے مزید بڑھ گئی

پاکستان میں سونے کی قیمتوں میں مسلسل اضافے نے عوام کو تشویش میں مبتلا کر دیا ہے۔ موجودہ ہفتے کے دوران سونے کی فی تولہ قیمت میں 8600 روپے کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد سونا عام شہری کی پہنچ سے مزید دور ہوتا دکھائی دے رہا ہے۔

آل پاکستان صرافہ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق ملک میں موجودہ ہفتے کے اختتام پر فی تولہ سونے کی قیمت 481,862 روپے کی بلند ترین سطح پر بند ہوئی، جبکہ گزشتہ ہفتے سونے کی فی تولہ قیمت 473,262 روپے تھی۔

اسی طرح دس گرام سونے کی قیمت میں بھی نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا۔ ایسوسی ایشن کے مطابق دس گرام سونا 413,118 روپے میں فروخت ہوا، جبکہ گزشتہ ہفتے اس کی قیمت 405,745 روپے تھی۔

صرافہ ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ سونے کی قیمتوں میں ہفتہ وار بنیاد پر ہونے والا یہ اضافہ عالمی مارکیٹ میں قیمتوں کے بڑھنے کا نتیجہ ہے۔ عالمی منڈی میں موجودہ ہفتے کے دوران سونے کی قیمت 4595 ڈالر فی اونس تک پہنچ گئی، جو کہ گزشتہ ہفتے 4509 ڈالر فی اونس تھی۔

دوسری جانب چاندی کی قیمتوں میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ موجودہ ہفتے میں فی تولہ چاندی کی قیمت 9,482 روپے کی سطح پر بند ہوئی، جبکہ گزشتہ ہفتے فی تولہ چاندی 8,465 روپے میں فروخت ہو رہی تھی۔

ماہرین کے مطابق عالمی اقتصادی غیر یقینی صورتحال، مہنگائی کے خدشات اور سرمایہ کاروں کا محفوظ سرمایہ کاری کی جانب رجحان سونے کی قیمتوں میں اضافے کی اہم وجوہات ہیں۔ اگر یہی رجحان برقرار رہا تو آنے والے دنوں میں سونے کی قیمتیں مزید بڑھنے کا امکان ہے۔

Scroll to Top