این ڈی ایم اے کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر نے ملک کے مختلف حصوں میں موسلا دھار بارش اور بلند پہاڑی علاقوں میں برفباری کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق آئندہ 24 سے 48 گھنٹوں کے دوران سندھ، پنجاب، بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے کئی اضلاع میں بارش متوقع ہے۔ خاص طور پر پنجاب کے بیشتر شہروں میں موسلا دھار بارش کے امکانات ہیں۔
خیبرپختونخوا کے زیادہ تر اضلاع میں بھی بارش ہو سکتی ہے اور بلند پہاڑی علاقوں جیسے چترال، دیر، سوات، شانگلہ، کوہستان، ناران، کاغان اور گلیات میں برفباری متوقع ہے۔
اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباد، سرگودھا اور گرد و نواح میں بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے، جبکہ مری اور دیگر پہاڑی علاقوں میں برفباری کے امکانات ہیں۔
این ڈی ایم اے نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ بارش اور برفباری کے دوران سڑکوں پر پھسلن اور ٹریفک کے مسائل سے بچنے کے لیے غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔ متعلقہ حکام ریسکیو اور سڑکوں کی بحالی کے لیے چوکس رہیں۔





