حالیہ بارشیں: صوبائی حکومت نے قدرتی آفات سے نمٹنے کے لئے ہائی الرٹ جاری کردیا

 خیبر پختونخوا کے مشیر صحت، احتشام علی نے صوبے میں حالیہ طویل بارشی سلسلے کے دوران ہونے والے جانی و مالی نقصانات پر گہرے افسوس کا اظہار کیا ہے۔

مشیر صحت نے خاص طور پر کرک میں چھت گرنے کے واقعے میں انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے محکمہ صحت کو ہدایت کی کہ وہ کسی بھی قدرتی آفت سے نمٹنے کے لئے ہائی الرٹ رہیں۔

مشیر صحت نے کہا کہ محکمہ صحت کے تمام افسران اور متعلقہ اداروں کے ساتھ فوری اور مؤثر روابط قائم رکھے جائیں تاکہ ایمرجنسی حالات میں فوری طبی امداد فراہم کی جا سکے۔ انہوں نے تمام ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرز (DHO) اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹس (MS) کو اپنے متعلقہ اسٹیشنز پر موجود رہنے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں بروقت ردعمل دینے کی ہدایت کی۔

انہوں نے کہا، “وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کی ہدایت پر ائیر ایمبولینس عوام کے لیے دستیاب ہے اور حکومت کسی بھی ہنگامی صورتحال میں اس کے استعمال سے دریغ نہیں کرے گی۔” اس کے ساتھ ہی انہوں نے ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز کو تمام ریجنز کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہنے کی ہدایت کی تاکہ صوبے کے ہیلتھ سسٹم کو مکمل طور پر فعال رکھا جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں دیربالا میں بارش اور برفباری کا نیا سلسلہ شروع، سردی کی شدت میں اضافہ

مشیر صحت نے مزید کہا کہ محکمہ صحت موسمیاتی تبدیلیوں کے پیش نظر کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال پر نظر رکھے اور اسے فوری رپورٹ کرے۔ انہوں نے عندیہ دیا کہ ضرورت پڑنے پر محکمہ صحت میں ایمرجنسی کنٹرول روم قائم کیا جائے گا تاکہ تمام ضروری طبی سہولتیں اور ریسکیو سروسز بروقت فراہم کی جا سکیں۔

انہوں نے تمام میڈیکل ٹیچنگ انسٹی ٹیوشنز (MTIs) کو ہدایت کی کہ وہ ریجنز سے آنے والے ریفرل کیسز کو ہنگامی بنیادوں پر نمٹانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کریں۔

احتشام علی نے آخر میں کہا کہ صوبے کے تمام متعلقہ ادارے مل کر عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لیے کام کر رہے ہیں اور حکومت کسی بھی ہنگامی صورتحال کا مقابلہ کرنے کے لئے مکمل طور پر تیار ہے۔

Scroll to Top