ایڈیشنل چیف سیکرٹری اسٹبلشمنٹ اینڈ ایڈمنسٹریشن خیبرپختونخوا کے اختیارات اور زمہ داریوں کا اعلامیہ جاری

محمد اعجاز آفریدی

پشاور:خیبر پختونخوا حکومت نے ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنرل محکمہ اسٹیبلشمنٹ اینڈ ایڈمنسٹریشن کے عہدے کے اختیارات اور ذمہ داریوں کا اعلامیہ جاری کردیا ہے۔

اعلامیہ اسٹیبلشمنٹ ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری کیا گیا جس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری اسٹبلشمنٹ اینڈ ایڈمنسٹریشن کے عہدے کے لئے جاب ڈسکرپشن کی منظوری دی گئی ہے۔

واضح رہے کہ خیبرپختونخوا میں پہلی بار ایڈیشنل چیف سیکرٹری اسٹبلشمنٹ اینڈ ایڈمسٹریشن کا عہدہ تخلیق کیا گیاہے ۔

اس سلسلے میں جاری اعلامیہ کے مطابق ایڈیشنل چیف سیکرٹری (جنرل) اسٹیبلشمنٹ اینڈ ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ کے انچارج ہوں گے اور صوبائی حکومت کے اصلاحاتی ایجنڈے اور پالیسیوں پر عملدرآمد کی نگرانی کی ذمہ داری انجام دیں گے، وہ مختلف محکموں میں جاری اصلاحات کی مانیٹرنگ بھی کریں گے۔

ایڈیشنل چیف سیکرٹری (جنرل) صوبائی سلیکشن بورڈ ٹو کے چیئرمین کے طور پر سکیل16 سے گریڈ17 پی ایم ایس کیڈر اورگریڈ17 سے گریڈ18 نان پی ایم ایس افسران کی ترقیوں کے معاملات دیکھیں گے جبکہ صوبائی سلیکشن بورڈ ون کے مستقل رکن کے طور پر گریڈ17 اور اس سے اوپر پی ایم ایس افسران اور گریڈ18 اور اس سے زائد دیگر کیڈرز کے افسران کی ترقیوں میں کردار ادا کریں گے۔

اعلامیہ کے مطابق اے سی ایس ای اینڈ اے جنرل کو چیف سیکرٹری کے تفویض کردہ اختیارات کے تحت انکوائری افسر یا کمیٹی مقرر کرنے، ای اینڈ ڈی رولز 2011 کے تحت چارج شیٹ اور الزامات کے بیانات پر دستخط کرنے کا اختیار بھی حاصل ہوگا۔

اس کے علاوہ رولز آف بزنس 1985 کے شیڈول تھری کے تحت افسران کے تبادلوں اور تعیناتیوں کے اختیارات بھی ان کے پاس ہوں گے،ایڈیشنل چیف سیکرٹری (جنرل) مختلف اہم بورڈز اور کمیٹیوں کے چیئرمین یا رکن کی حیثیت سے بھی فرائض انجام دیں گے۔

ان فرائض میں بینیولینٹ فنڈ مینجمنٹ بورڈ، ریٹائرمنٹ ڈیتھ اینڈ کمپنسیشن بورڈ، خیبر پختونخوا ہاؤنگ فاؤنڈیشن فار گورنمنٹ سرونٹس، ڈپٹی کمشنرز اور ڈویڑنل کمشنرز کی تعیناتی و تبادلوں کی پلیسمنٹ کمیٹی شامل ہیں۔

اسی طرح وہ خیبر پختونخوا پبلک سروس کمیشن، خیبر پختونخوا فارنزک سائنس ایجنسی، پروٹیکشن اگینسٹ ہراسمنٹ آف ویمن کمیشن کے محتسب، ایم ٹی آئیز بورڈز اور دیگر اداروں کے لئے سرچ اینڈ اسکرونٹی کمیٹیوں کے رکن یا چیئرمین ہوں گے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق ایڈیشنل چیف سیکرٹری اے اینڈ اے جنرل کو سینیارٹی کیسز، عمر میں رعایت اور لین کیسز کی منظوری کا اختیار بھی حاصل ہوگا، جبکہ وہ صوبائی محکموں اور فیلڈ فارمیشنز کے ساتھ عمومی رابطہ رکھیں گے اور مختلف فورمز پر چیف سیکرٹری کی نمائندگی بھی کریں گے۔

اسکے علاوہ انہیں پی ایم آر یو اور آئی ٹی اقدامات کی نگرانی، جنرل سرکلرز و ہدایات کے اجرا، ایڈمنسٹریٹو سیکرٹری کے مالی اختیارات کے استعمال، ہوابازی سے متعلق امور کی ذمہ داریاں بھی سونپی گئی ہیں۔

نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ چیف سیکرٹری کی جانب سے دی گئی کوئی بھی اضافی انتظامی ذمہ داری بھی ایڈیشنل چیف سیکرٹری (جنرل) انجام دیں گے۔

Scroll to Top