صحت، تعلیم اور ترقی کا نیا موڑ؟ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی اور عالمی بینک کے صدر کی اہم ملاقات

صحت، تعلیم اور ترقی کا نیا موڑ؟ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی اور عالمی بینک کے صدر کی اہم ملاقات

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کی عالمی بینک کے صدر اجے بنگا سے اہم ملاقات، صحت، تعلیم اور ترقیاتی شعبوں میں تعاون پر گفتگو

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے اسلام آباد میں عالمی بینک کے صدر اجے بنگا سے اہم ملاقات کی، جس میں صحت، تعلیم و ہنر، معدنیات، توانائی اور کلائمیٹ رزیلینس کے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت عالمی بینک کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور صوبے میں سماجی و معاشی ترقی کے لیے بین الاقوامی شراکت داری کو نہایت اہم سمجھتی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ صحت اور تعلیم صوبائی حکومت کی اولین ترجیحات ہیں، جن میں بہتری کے لیے خطیر سرمایہ کاری کی جا رہی ہے۔

وزیراعلیٰ نے عالمی بینک کے صدر کو آگاہ کیا کہ صوبائی حکومت پرائمری ہیلتھ کیئر کے نظام کو مضبوط بنا رہی ہے تاکہ عام شہریوں کو بہتر اور بروقت طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ انہوں نے بتایا کہ خیبرپختونخوا میں ’’احساس ماں‘‘ پروگرام کا آغاز کیا جا رہا ہے، جس کے تحت حمل سے بچے کی پیدائش تک ماں اور بچے کی مکمل دیکھ بھال حکومت کی ذمہ داری ہوگی، جبکہ بچی کی پیدائش کی صورت میں تین ماہ کی اضافی معاونت بھی فراہم کی جائے گی۔

سہیل آفریدی نے کہا کہ صوبے کی سو فیصد آبادی کو یونیورسل ہیلتھ کوریج فراہم کی جا رہی ہے، تاکہ ہر شہری کو معیاری علاج تک رسائی حاصل ہو سکے۔ انہوں نے اس موقع پر یہ بھی بتایا کہ قدرتی آفات سے خیبرپختونخوا کو شدید نقصان پہنچا ہے، جس کے باعث حکومت کلائمیٹ رزیلینس میں سرمایہ کاری بڑھا رہی ہے تاکہ مستقبل کے چیلنجز سے مؤثر طور پر نمٹا جا سکے۔

معدنیات کے شعبے سے متعلق بات کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ عمران خان کے وژن کے مطابق معدنی وسائل میں مقامی آبادی کے مفادات کو پہلی ترجیح دی جا رہی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ صوبے کو غذائی لحاظ سے خود کفیل بنانے کے لیے جامع حکمت عملی کے تحت اقدامات کیے جا رہے ہیں، جبکہ جنوبی اضلاع میں بنجر زمینوں کو قابلِ کاشت بنانے کے لیے متعدد منصوبوں پر کام جاری ہے۔

ملاقات میں مشیر خزانہ خیبرپختونخوا مزمل اسلم، چیف سیکرٹری شہاب علی شاہ اور دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔ فریقین نے مستقبل میں تعاون کو مزید وسعت دینے اور مشترکہ ترقیاتی منصوبوں پر مل کر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔

Scroll to Top