خیبر:وطن واپسی پر افغان خاندان کی گاڑی کو حادثہ

ہارون شینواری

ضلع خیبر کے علاقے لنڈی کوتل میں پاک افغان شاہراہ پر طورخم روڈ پر افغانستان واپس جانے والے افغان خاندانوں کی گاڑی کو حادثہ پیش آیا ہےجس کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت 14 افراد زخمی ہو گئے ہیں۔

پولیس اور ہسپتال ذرائع کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب وطن واپس جانے والے خاندان کی گاڑی بے قابو ہو کر الٹ گئی۔

زخمیوں میں 3 خواتین اور 11 بچے شامل ہیں، جنہیں فوری طور پر طبی امداد کے لیے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال لنڈی کوتل منتقل کر دیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : صوابی :ایس ایچ او عبدالعلی عرف گبرکوعہدے سے ہٹائے جانے کی وجہ سامنے آگئی

ہسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ تمام زخمیوں کو ضروری طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں اور فی الوقت ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔

پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

Scroll to Top