پاک-بھارت میچ کا فیصلہ اب نازک موڑ پر، سری لنکا نے بڑی اپیل کر دی

اسلام آباد: سری لنکا کرکٹ بورڈ نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) سے اپیل کی ہے کہ وہ آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 میں بھارت کے خلاف میچ کے بائیکاٹ کے فیصلے پر نظرِ ثانی کرے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق سری لنکا کرکٹ نے پی سی بی کو باضابطہ خط ارسال کیا ہے، جس میں خبردار کیا گیا ہے کہ اگر 15 فروری کو کولمبو میں شیڈول پاک بھارت مقابلہ منسوخ ہو گیا تو سری لنکا کو بھاری مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

سری لنکن بورڈ نے اپنے پیغام میں نشاندہی کی ہے کہ یہ ہائی پروفائل میچ نہ صرف کرکٹ شائقین کی توجہ کا مرکز ہے بلکہ میزبان ملک کو نمایاں معاشی فوائد بھی دیتا ہے۔

خط میں کہا گیا ہے کہ مقابلہ نہ ہونے کی صورت میں ٹکٹوں کی فروخت، نشریاتی حقوق اور سیاحتی سرگرمیوں سے متوقع آمدن میں کمی ہو سکتی ہے۔

سری لنکا کرکٹ نے مزید کہا کہ کسی بھی ٹیم کی غیر حاضری کے دور رس اثرات مرتب ہوں گے، جن میں مالی نقصان کے ساتھ ساتھ ملک میں آنے والے شائقین اور سیاحوں کی تعداد میں کمی بھی شامل ہے۔

بورڈ نے معاملے کو صرف ایک میچ تک محدود نہیں کیا بلکہ اسے وسیع تر کرکٹ مفاد سے جوڑتے ہوئے پاکستان سے درخواست کی کہ وہ فیصلے پر دوبارہ غور کرے۔

خط میں مزید کہا گیا کہ دونوں ممالک کے کرکٹ بورڈز کے دیرینہ تعلقات اور موجودہ غیر معمولی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے پاکستان کو چاہیے کہ وہ نظرثانی کرے تاکہ ٹورنامنٹ اور میزبان ملک کو نقصان سے بچایا جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں : پاک بھارت میچ کا بائیکاٹ! بنگلہ دیش کا بڑا اعلان، پاکستان کے جرات مندانہ فیصلے کی کھل کر حمایت

یہ پیش رفت حکومت پاکستان کے اس فیصلے کے بعد سامنے آئی ہے جس کے تحت قومی ٹیم کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھارت کے خلاف میدان میں اترنے سے روک دیا گیا ہے، جس کے باعث ایونٹ کے سب سے بڑے مقابلے پر غیر یقینی صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔

واضح رہے کہ آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کا آغاز 7 فروری سے بھارت اور سری لنکا میں ہو رہا ہے، جبکہ پاکستان اپنے تمام گروپ میچز کولمبو میں کھیلے گا۔

Scroll to Top