اسلام آباد: سابق وفاقی وزیر اور صوبائی جنرل سیکرٹری پاکستان مسلم لیگ (ن) مرتضیٰ جاوید عباسی نے کہا ہے کہ خیبرپختونخواہ کی عوام نے تحریک انصاف کی شٹر ڈاؤن ہڑتال کی کال کو ٹھوس طریقے سے مسترد کر دیا ہے۔
مرتضٰ عباسی کا کہنا ہے کہ یہ واضح طور پر عوام کا صوبائی حکومت کی پالیسیوں اور ناکام طرز سیاست پر عدم اعتماد ظاہر کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ تاجر اپنے کاروبار معمول کے مطابق کر رہے تھے اور تقریباً 90 فیصد بازار کھلے رہے جو یہ ظاہر کرتا ہے کہ عوام امن، استحکام اور معاشی سرگرمیوں کو ترجیح دیتے ہیں۔
مسلم لیگ ن کے رہنما انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے کارکنوں نے تاجروں کو ہراساں کرنے اور دکانیں زبردستی بند کروانے کی کوشش کی اور ایسے عناصر کو قانون کے مطابق سزا دی جانی چاہیے۔
انہوں نے اس عمل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں کو زبردستی احتجاج میں شامل کرنے اور دکانیں بند کروانے کی کوشش ناقابل قبول ہے اور پی ٹی آئی کو آج کی کال سے عبرت حاصل کرنی چاہیے۔
مرتضیٰ جاوید عباسی نے آخر میں عوام کے جذبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ اہلِ خیبرپختونخوا نے ایک بار پھر ثابت کیا کہ ان کے لیے پاکستان کی ترقی اور خوشحالی سب سے اہم ہے اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ان کے کاروبار میں برکت دے اور ملک کو امن و استحکام عطا فرمائے۔
یہ بھی پڑھیں : پنجاب میں بھی شٹر ڈاؤن ہڑتال مکمل ناکام، وزیراعلیٰ مریم نواز نے پی ٹی آئی کو آئینہ دکھا دیا
جبکہ دوسری جانب خیبرپختونخوا کے بعد پنجاب میں بھی پاکستان تحریک انصاف کی شٹر ڈاؤن ہڑتال مکمل طور پر ناکام ہو گئی۔
تحریک انصاف کی ہڑتال کی اپیل کے حوالے سے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ ایکس پر طنزیہ پیغام جاری کیا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے اپنے پیغام میں لکھا ہے پورے پنجاب میں کوئی احتجاج یا ہڑتال نہیں ہوئی پی ٹی آئی کی شٹرڈاؤن اور احتجاج کی کال مکمل ناکام رہی۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں کہا کہ پنجاب میں ZERO protest، ZERO ہڑتال اور ZERO shutter down ہوا ہے، ان کا کہنا تھا کہ صوبے بھر میں معمولاتِ زندگی رواں دواں رہے۔
تحریک انصاف کی جانب سے دی گئی ہڑتال اور شٹر ڈاؤن کی اپیل پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ صوبہ پنجاب بھر میں کہیں بھی احتجاج یا ہڑتال نہیں ہوئی اور معمولاتِ زندگی مکمل طور پر رواں دواں رہے۔
یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی کی پہیہ جام کال بری طرح ناکام، عوام نے احتجاجی سیاست مسترد کر دی، عطا تارڑ
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے بھی کہا ہے کہ تحریک انصاف کی جانب سے دی گئی پہیہ جام کال عوام نے بری طرح مسترد کر دی ہے۔
اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ ایکس میں عطا تارڑ نے کہا کہ انہوں نے پہلی دفعہ دیکھا ہے کہ پہیہ جام کی کال کے باوجود ملک بھر میں معمولاتِ زندگی پوری طرح رواں دواں ہیں۔





