وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی جانب سے دی گئی پہیہ جام کال عوام نے بری طرح مسترد کر دی ہے۔
اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ ایکس میں عطا تارڑ نے کہا کہ انہوں نے پہلی دفعہ دیکھا ہے کہ پہیہ جام کی کال کے باوجود ملک بھر میں معمولاتِ زندگی پوری طرح رواں دواں ہیں۔
عطا تارڑ کا کہنا ہے کہ اتوار کے روز بھی شہری علاقوں میں گہما گہمی دیکھی جا رہی ہے بازار کھلے ہیں اور ٹریفک معمول کے مطابق رواں ہے جو اس بات کا ثبوت ہے کہ عوام احتجاجی اور انتشار کی سیاست سے تنگ آ چکے ہیں۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ لوگوں نے نفرت، انتشار اور تقسیم کی سیاست کو یکسر رد کر دیا ہے اور ترقی و استحکام کے حق میں فیصلہ دیا ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے مزید کہا کہ عوام نے ایک بار پھر ثابت کر دیا ہے کہ وہ منفی سیاست کے بجائے ملک کی بہتری چاہتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: نوشہرہ نے احتجاج کو ٹھکرا دیا! ہڑتال ناکام رہی، شہری اور تاجروں نے روزمرہ زندگی جاری رکھی
واضح رہے پاکستان تحریک انصاف نے آج خیبرپختونخوا سمیت ملک بھر میں شٹرداؤن ہڑتال کی کال دی تھی۔




