اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اور تحریک تحفظ آئین پاکستان کے سیکرٹری جنرل اسد قیصر نے کہا ہے کہ تحریک تحفظ آئین نے پورے ملک میں یومِ سیاہ اور سوگ کا اعلان کیا تھا جسے آج پوری قوم نے یک زبان ہو کر منایاانہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا سے کراچی، پنجاب اور بلوچستان تک عوام نے واضح طور پر آواز بلند کی کہ موجودہ حکومت ناجائز ہے اور عوامی مینڈیٹ پر ڈاکا ڈالا گیا ہے۔
اسد قیصر نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ پارلیمنٹ اور حکومت فارم 47 کی پیداوار ہیں، عوامی مینڈیٹ کے بغیر قائم ہیں، اور ایسی ناجائز حکومت کو قبول نہیں کیا جا سکتا، جمہوریت، قانون کی حکمرانی اور آزاد عدلیہ ملک کے مستقبل کی بنیاد ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر عوام کی رائے کو عزت اور اہمیت نہ دی گئی تو نفرتیں بڑھیں گی، اسلام آباد کے حالیہ افسوسناک واقعے کے پیشِ نظر بسنت کی تقریبات کو منسوخ کرنے کی ضرورت تھی۔
اسد قیصر نے حکومت کو ناکام قرار دیتے ہوئے کہا کہ امن و امان کا مسئلہ ان کے کنٹرول سے باہر ہو رہا ہے، اور بلوچستان، خیبر پختونخوا اور قبائلی علاقوں میں انسَر جنسی کے بڑھتے ہوئے واقعات خطرے کی علامت ہیں۔
معاشی حوالے سے بھی انہوں نے حکومت کو ناکام قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارت نے امریکا کے ساتھ 18 فیصد ٹیرف پر تجارتی معاہدہ کر کے پاکستان کو پیچھے چھوڑ دیا ہے اور ملک کی اقتصادی پالیسی پر نظرِ ثانی ضروری ہے۔
یہ بھی پڑھیں : پی ٹی آئی کو ناکام شٹرڈاؤن ہڑتال کی کال سے عبرت حاصل کرنی چاہیے، مرتضیٰ عباسی
پی ٹی آئی کے رہنما اسد قیصر کا مزید کہنا تھا کہ نئے انتخابات کا اعلان کیا جائے، تمام فریقین کی مشاورت سے آزاد الیکشن کمیشن تشکیل دیا جائے اور ایسے انتخابات ہوں جو سب کے لیے قابلِ قبول ہوں تاکہ عوام کے اصل نمائندے پارلیمنٹ میں آئیں اور پارلیمنٹ تمام پالیسیوں کا منبع بنے۔





