آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کے گروپ ڈی میچ میں جنوبی افریقا نے افغانستان کو جیت کے لیے 188 رنز کا ہدف دے دیا ہے۔
بھارت کے شہر احمد آباد میں کھیلے جا رہے اس اہم مقابلے میں افغانستان کے کپتان راشد خان نے ٹاس جیت کر جنوبی افریقا کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔
پروٹیز کی جانب سے ایڈم مارکرم اور کوئنٹن ڈی کوک نے اننگز کا آغاز کیا، تاہم جنوبی افریقا کو ابتدائی نقصان اس وقت اٹھانا پڑا جب مارکرم صرف 12 کے مجموعی اسکور پر فضل حق فاروقی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔
ابتدائی وکٹ گرنے کے بعد کوئنٹن ڈی کوک اور ریان ریکلٹن نے ذمہ دارانہ اور جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اننگز کو سنبھالا۔ دونوں بلے بازوں نے افغان بولرز کو دباؤ میں رکھا اور ایک ہی اوور میں اپنی نصف سنچریاں مکمل کیں۔ ریکلٹن 61 اور ڈی کوک 59 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔
بعد ازاں ڈیوالڈ بریوس نے 23 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ تجربہ کار بیٹر ڈیوڈ ملر 20 رنز بنا سکے۔ جنوبی افریقا نے مقررہ 20 اوورز میں مجموعی طور پر 187 رنز بنائے اور افغانستان کو 188 رنز کا ہدف دیا۔
افغانستان کی جانب سے عظمت عمرزئی نے عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ کپتان راشد خان نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔
یاد رہے کہ افغانستان کو اپنے پہلے میچ میں نیوزی لینڈ کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا، جبکہ جنوبی افریقا نے کینیڈا کو 57 رنز سے شکست دے کر ایونٹ میں کامیاب آغاز کیا تھا۔ اس میچ میں کامیابی دونوں ٹیموں کے لیے پوائنٹس ٹیبل پر بہتر پوزیشن کے حصول کے لیے انتہائی اہم ہے۔





