پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 11ویں ایڈیشن کے چند میچز پہلی بار پشاور کے عمران خان کرکٹ اسٹیڈیم میں کرانے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ یہ اہم فیصلہ خیبر پختون خوا میں سیکیورٹی سے متعلق اعلیٰ سطح کے اجلاس میں کیا گیا۔
اجلاس کے بعد چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی نے پشاور میں انٹر اسکولز کرکٹ ٹورنامنٹ کے فائنل میں شرکت کی، جہاں انہوں نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قومی کرکٹ ٹیم کے 60 فیصد کھلاڑیوں کا تعلق خیبر پختون خوا سے ہے، جو اس صوبے میں موجود بے پناہ ٹیلنٹ کا واضح ثبوت ہے۔
انہوں نے کہا کہ خیبر پختون خوا کرکٹ کے میدان میں ہمیشہ اہم کردار ادا کرتا رہا ہے، اسی لیے صوبے کے لیے دو ٹیمیں بنانے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ باصلاحیت کھلاڑیوں کو آگے آنے اور اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع مل سکے۔
محسن نقوی نے ورلڈ کپ میں بھارت کے خلاف میچ کے بائیکاٹ سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس فیصلے کا مقصد صرف بنگلہ دیش کو عزت دینا تھا اور اس کے پیچھے کسی قسم کی شرط یا دباؤ شامل نہیں تھا۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی تمام تر توجہ کھیل اور کھلاڑیوں کی بہتری پر مرکوز ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے لیے سب سے پہلے قومی مفاد مقدم ہے اور اسی تناظر میں تمام فیصلے کیے جاتے ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ کا 11واں ایڈیشن 26 مارچ سے شروع ہو کر 3 مئی تک جاری رہے گا۔ پشاور میں میچز کے انعقاد کو صوبے کے کرکٹ شائقین کے لیے ایک بڑی خوشخبری قرار دیا جا رہا ہے، جبکہ اس اقدام سے نہ صرف مقامی کرکٹ کو فروغ ملے گا بلکہ شہر میں کھیلوں کی سرگرمیوں کو بھی تقویت ملے گی۔





