پاکستان کا آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ بنگلا دیش کے خلاف آخری گروپ میچ بارش کی نذر ہو گیا،
جس کے بعد پاکستان کا ایونٹ ایک بھی جیت کے بغیر ختم ہوگیا۔ پاکستان کو بھارت اور نیوزی لینڈ کے خلاف شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا، اور پھر بنگلا دیش کے خلاف میچ بارش کے باعث منسوخ ہو گیا۔
پاکستان کے کپتان محمد رضوان نے کہا کہ ان کی ٹیم چیمپئنز ٹرافی میں اچھی کارکردگی دکھانے میں ناکام رہی ہے اور وہ قوم کی توقعات پر پورا نہیں اتر سکے۔
انہوں نے صائم اور فخر کی انجری کو کامبی نیشن کے خراب ہونے کی وجہ قرار دیا، تاہم اسے بہانہ بنانے سے انکار کیا۔
یہ بھی پڑھیں قومی کرکٹر فخر زمان نے ریٹائرمنٹ کی افواہوں کی تردید کر دی
محمد رضوان نے میچ کے بعد کی پریزنٹیشن میں تسلیم کیا کہ حالیہ چند ہفتوں میں ان کی ٹیم کی کارکردگی مایوس کن رہی۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنی غلطیوں کی نشاندہی کر لی ہے اور ان پر اگلے ماہ نیوزی لینڈ کے خلاف وائٹ بال سیریز سے قبل کام کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ٹیم کو اپنے ہوم کراؤڈ کے سامنے بہتر پرفارم کرنا تھا، لیکن وہ قوم کی توقعات پر پورا نہیں اُتر سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ غلطیوں سے سیکھنا ضروری ہے، اور ان شاء اللہ ہم نیوزی لینڈ کے دورے پر بہتر کارکردگی دکھائیں گے۔





