عبدالستار ایدھی کا 97 واں یوم پیدائش: فلاحی کاموں کے عظیم رہنما کو خراج عقیدت

پاکستان کے عظیم فلاحی رہنما عبدالستار ایدھی کا آج 97 واں یوم پیدائش ہے۔ انسانیت کی بلا تفریق خدمت کرنے والے عبدالستار ایدھی نے اپنی زندگی کو دکھی انسانیت کے لیے وقف کیا اور فلاحی کاموں میں نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں ایک انمٹ نشان چھوڑا۔

ایدھی کا 28 فروری 1928 کو بھارت کے شہر بانٹوا میں پیدا ہونا اور قیام پاکستان کے بعد کراچی میں سکونت اختیار کرنا، ان کی انسانیت کے لیے دی جانے والی خدمات کی ابتدا تھی۔

عبدالستار ایدھی نے 1951 میں اپنے فلاحی کاموں کا آغاز کیا تھا اور 1970 میں ایدھی فاؤنڈیشن کی بنیاد رکھی، جس کے ذریعے انہوں نے لاوارث بچوں، بے سہارا خواتین، بزرگوں، اور ضرورت مند افراد کو سہارا دیا۔

ایدھی فاؤنڈیشن کی ایمبولینس سروس دنیا کی سب سے بڑی فلاحی سروس بن گئی، جس کا 1997 میں گینیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں بھی ذکر ہوا۔

یہ بھی پڑھیں لیبیا حادثے میں شہید پاکستانیوں کے جسد خاکی وصول، شہداء پیکج کا اعلان

ایدھی فاؤنڈیشن کے تحت ہسپتال، ایمبولینس، کلینک، یتیم خانہ، بلڈ بینک، اور پناہ گاہیں قائم کی گئیں، جہاں لاکھوں لوگوں کو زندگی کی بنیادی سہولتیں فراہم کی گئیں۔ ایدھی کی اہلیہ بھی ان کے ہر مشن میں شریک رہیں، اور ان کے بیٹے فیصل ایدھی نے اپنے والد کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایدھی صاحب نے سماج کی خدمت کا جذبہ آئندہ نسلوں تک منتقل کیا۔

 مورخہ 8جولائی 2016 کو عبدالستار ایدھی کا انتقال ہوا، لیکن ان کی انسانیت کے لیے دی جانے والی خدمات آج بھی ہر پاکستانی کے دل میں زندہ ہیں۔ ایدھی ولیج میں کھڑے لاوارث بچوں کے منہ سے بے ساختہ یہ الفاظ نکلے کہ “ہم ایک بار پھر یتیم ہو گئے”، جو ایدھی کی زندگی کی سب سے بڑی حقیقت تھے۔

Scroll to Top