کوئٹہ میں خفیہ اطلاعات پر بڑی کارروائی، 14 دہشت گرد ہلاک، تین اہلکار زخمی

کوئٹہ میں خفیہ اطلاعات پر بڑی کارروائی، 14 دہشت گرد ہلاک، تین اہلکار زخمی

کوئٹہ میںسکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر دو مختلف مقامات پر کامیاب کارروائیاں کرتے ہوئے مجموعی طور پر 14 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ کارروائیوں کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں تین اہلکار زخمی بھی ہوئے۔

ترجمان محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کے مطابق پہلی کارروائی بارکھان کے علاقے میں کی گئی جہاں چھ دہشت گرد مارے گئے۔ دوسری کارروائی کوئٹہ کے علاقے درخشاں میں عمل میں لائی گئی، جہاں شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد آٹھ مسلح افراد ہلاک کر دیے گئے۔

سی ٹی ڈی ترجمان کا کہنا ہے کہ دونوں کارروائیاں مصدقہ خفیہ اطلاعات پر کی گئیں۔ ہلاک ہونے والے دہشت گرد مبینہ طور پر دہشت گردی کی بڑی کارروائی کی منصوبہ بندی کر رہے تھے، جسے بروقت کارروائی سے ناکام بنا دیا گیا۔

کارروائیوں کے دوران دہشت گردوں کی فائرنگ سے تین سی ٹی ڈی اہلکار زخمی ہوئے، جنہیں فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ ہلاک دہشت گردوں کی لاشیں بھی ضابطے کی کارروائی کے لیے قریبی اسپتالوں میں منتقل کر دی گئی ہیں

ترجمان کے مطابق دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور بارود بھی برآمد کیا گیا ہے۔ سیکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ علاقے میں سرچ آپریشن مکمل کر لیا گیا ہے جبکہ مزید تحقیقات جاری ہیں تاکہ دہشت گرد نیٹ ورک کے دیگر سہولت کاروں کو بھی گرفتار کیا جا سکے۔

حکام کے مطابق بروقت کارروائی سے ممکنہ بڑے سانحے کو ٹال دیا گیا ہے اور شہر میں سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔

Scroll to Top