چارسدہ، خواتین ٹیچرز کیس کا ڈراپ سین،مرکزی ملزمان گرفتار

الف خان شیرپاؤ

چارسدہ کے تھانہ پڑانگ پولیس نے اندھے قتل کے ایک اہم مقدمہ کو کامیابی سے ٹریس کرتے ہوئے دو خواتین اساتذہ کے قتل میں ملوث ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ قتل کی واردات گھریلو رنجش اور سوتن کے تنازع کا شاخسانہ نکلی۔

مورخہ 11 دسمبر 2025 کو تھانہ پڑانگ کی حدود مقبرہ میں ڈیوٹی پر جاتے ہوئے دو خواتین اساتذہ کو نامعلوم موٹر سائیکل سوارملزمان نے فائرنگ کرکے قتل کر دیا تھا، جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا تھا۔

واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر چارسدہ محمد وقاص خان اور ایس پی انویسٹی گیشن چارسدہ عالمزیب خان نے جائے وقوعہ کا فوری دورہ کیا، شواہد اکٹھے کیے اور واقعہ کی تفتیش کے لیے ایس پی انوسٹی گیشن چارسدہ عالمزیب خان کی سربراہی میں ڈی ایس پی سٹی جان محمد خان ، ایس ایچ او پڑانگ واجد خان اور دیگر پولیس افسران پر مشتمل خصوصی ٹیم تشکیل دی۔

ایس پی انویسٹی گیشن کی سربراہی میں پولیس ٹیم نے جدید سائنسی خطوط پر تفتیش کا آغاز کیا۔مسلسل محنت، انٹیلی جنس معلومات اور پیشہ وارانہ حکمت عملی کے ذریعے پولیس ٹیم نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے واقعہ میں ملوث دو ملزمان عثمان علی اور زوہیب پسران فرزند علی ساکنان حصارہ یاسین زئی کو گرفتار کر لیا۔

دورانِ تفتیش ملزمان نے انکشاف کیا کہ انہوں نے مسماتہ (ص) کی ایما پر گھریلو تنازع اور سوتن کے معاملے پر فائرنگ کرکے سوتن (ن) کو قتل کیا جبکہ فائرنگ کے نتیجے میں مسماتہ (ص) بھی جاں بحق ہوگئی۔

ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے جبکہ مقدمہ کے دیگر پہلوؤں پر بھی تحقیقات عمل میں لائی جا رہی ہیں۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر چارسدہ محمد وقاص خان نے پولیس ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ضلع بھر میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور شہریوں کے جان و مال کا تحفظ ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔

Scroll to Top