خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں زلزلے کےجھٹکے

خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور سمیت صوبے کے مختلف اضلاع میں افطاری کے وقت زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے۔

زلزلے کے باعث شہریوں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا اور لوگ افطار چھوڑ کر کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں اور دکانوں سے باہر نکل آئے۔

مقامی ذرائع کے مطابق دیر بالا، کرم، نوشہرہ، ایبٹ آباد، مردان، صوابی، شانگلہ، خیبر، ملاکنڈ اور پشاور سمیت صوبے کے طول و عرض میں زلزلے کے واضح جھٹکے محسوس کیے گئے۔

زلزلہ پیما مرکز کی رپورٹ کے مطابق ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 5.6 ریکارڈ کی گئی جبکہ اس کی زیرِ زمین گہرائی 73 کلومیٹر تھی۔ زلزلے کا مرکز افغانستان کا ہندوکش ریجن بتایا گیا ہے۔

زلزلے کے فوراً بعد صوبائی انتظامیہ اور متعلقہ ادارے متحرک ہو گئے ہیں۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق اب تک کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی تاہم انتظامیہ نے تمام متاثرہ اضلاع سے تفصیلی معلومات اکھٹی کرنے کا عمل شروع کر دیا ہے۔

حکام کی جانب سے شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے اور ہسپتالوں سمیت ریسکیو اداروں کو ہائی الرٹ پر رکھا گیا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے۔

Scroll to Top