اسلام آباد: وزیر اعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ نے ایک بار پھر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو کسی بھی قسم کی ڈیل کی پیشکش سے متعلق خبروں کی سختی سے تردید کر دی ہے۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے واضح کیا کہ پی ٹی آئی کو نہ تو کسی ڈیل کی آفر کی گئی ہے اور نہ ہی ایسی کوئی تجویز زیر غور ہے۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کو حکومت یا اسٹیبلشمنٹ کی جانب سے کسی قسم کی رعایت یا معاہدے کی پیشکش نہیں کی گئی اور نہ ہی آئندہ کی جائے گی۔
رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ عمران خان کے خلاف مقدمات اور سزاؤں کا فیصلہ عدالتیں کریں گی، جیسا کہ ماضی میں سابق وزیر اعظم نواز شریف اور صدر آصف علی زرداری کے معاملات میں عدالتی فیصلے ہوئے تھے۔
انہوں نے زور دیا کہ قانونی عمل اپنی رفتار سے جاری رہے گا اور اس میں کسی سیاسی مفاہمت کا عنصر شامل نہیں ہے۔
انہوں نے گزشتہ روز پی ٹی آئی کی جانب سے ڈیل مسترد کرنے کے بیان کی بھی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ان کی بات کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں : پاکستان کی علی سسٹرز جرمن جونئیر اوپن سکواش چیمپئن شپ میں کامیاب
رانا ثناء اللہ کے مطابق انہوں نے 24 نومبر کے احتجاج کے تناظر میں بانی پی ٹی آئی کی جانب سے ڈیل مسترد کرنے کا ذکر کیا تھا، نہ کہ کسی باضابطہ پیشکش کے حوالے سے۔
یاد رہے کہ وفاقی وزیر اطلاعات عطاء تارڑ بھی اس سے قبل عمران خان کے ساتھ کسی ڈیل کی خبروں کو بے بنیاد قرار دے چکے ہیں اور کہا تھا کہ حکومت کی جانب سے ایسی کوئی پیشکش نہیں کی گئی۔





