ٹی 20ورلڈکپ:پاک نیوزی لینڈمیچ کےمتعلق بڑی خبر آگئی

ٹی 20 ورلڈ کپ کے سپر 8 مرحلے میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ہونے والا اہم میچ بارش کی نذر ہوگیا۔

کولمبو کے آر پریماداسا اسٹیڈیم میں مسلسل بارش کے باعث میچ کو بغیر کسی گیند کے کھیلے منسوخ کر دیا گیا جس کے بعد دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ دے دیا گیا ہے۔

قوانین کے مطابق، مقامی وقت کے مطابق رات 8 بجکر 18 منٹ سے اوورز میں کٹوتی شروع ہونا تھی جبکہ 5 اوورز پر مشتمل مختصر میچ شروع کرنے کے لیے رات 10 بجکر 16 منٹ تک کا وقت مقرر کیا گیا تھا۔ تاہم بارش نہ رکنے کے باعث امپائرز نے میچ ختم کرنے کا فیصلہ کیا۔

اس سے قبل پاکستانی ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے ٹاس جیت کر مچل سینٹنر الیون کو پہلے بولنگ کی دعوت دی تھی۔ قومی ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی تھی جہاں خواجہ نافع کی جگہ فخر زمان کو پلیئنگ الیون کا حصہ بنایا گیا تھا۔

سلمان علی آغا کا کہنا تھا کہ سلمان مرزا اور فہیم اشرف جیسے فاسٹ بولرز کی موجودگی میں ان کی کوشش تھی کہ ایک اچھا اسکور بورڈ پر سجا کر اس کا کامیابی سے دفاع کریں تاہم موسم نے کھیل کا موقع نہ دیا۔

دوسری جانب نیوزی لینڈ کی ٹیم نے بھی اس میچ کے لیے اپنی الیون میں تین تبدیلیاں کر رکھی تھیں۔

Scroll to Top