اسلام آباد: وزارت خزانہ نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کر دیا، جس کے تحت پیٹرول، ڈیزل، مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل آئل کی قیمتوں میں نمایاں کمی کی گئی ہے۔ نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات 12 بجے سے آئندہ 15 روز کے لیے ہوگا۔
حکومت کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 50 پیسے کی کمی کی گئی ہے، جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 255 روپے 63 پیسے مقرر کر دی گئی ہے۔
اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 5 روپے 31 پیسے کمی کی گئی ہے، جس کے بعد اس کی نئی قیمت 258 روپے 64 پیسے ہو گئی ہے۔
مٹی کے تیل کی قیمت میں 3 روپے 53 پیسے کی کمی کی گئی ہے، جس کے بعد نئی قیمت 168 روپے 12 پیسے مقرر کی گئی ہے۔
لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں 2 روپے 47 پیسے کمی کے بعد اس کی نئی قیمت 153 روپے 34 پیسے کر دی گئی ہے۔
وزارت خزانہ کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں یہ کمی عالمی مارکیٹ میں قیمتوں میں کمی کے تناظر میں کی گئی ہے، تاکہ عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
یہ نئی قیمتیں 15 روز کے لیے نافذ العمل رہیں گی۔