افغان طالبان کی بھیانک غلطی، سنگین نتائج بھگتنا ہوں گے؛ بھارت کی پراکسی جارحیت کا منہ توڑ جواب، شکست دشمن کا مقدر،محسن نقوی و خواجہ آصف

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ افغان طالبان نے پاکستان پر حملہ کرکے بھیانک غلطی کی ہے اور انہیں اس کے سنگین نتائج بھگتنا پڑیں گے۔

انہوں نے افغان طالبان کی جانب سے شہری آبادی کو نشانہ بنانے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے ناقابل برداشت جارحیت قرار دیا۔

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ بزدل دشمن نے رات کی تاریکی میں وار کیا اور معصوم شہریوں کو نشانہ بنانے کی مذموم کوشش کی، تاہم پاک فوج نے اس جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ قوم اپنی مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ملک کے دفاع پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

دوسری جانب وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ ہماری بہادر افواج اس وقت بھارت کی پراکسی طالبان اور افغان جارحیت کا مؤثر جواب دے رہی ہیں۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ انشاءاللہ شکست دشمن کا مقدر بنے گی۔

خواجہ آصف نے کہا کہ نیٹو افواج کے انخلاء کے بعد توقع تھی کہ افغانستان میں امن قائم ہوگا اور طالبان افغان عوام کے مفادات اور خطے کے استحکام پر توجہ دیں گے، مگر اس کے برعکس طالبان نے افغانستان کو بھارت کی کالونی بنا دیا اور دنیا بھر کے دہشت گردوں کو وہاں اکٹھا کرکے دہشت گردی برآمد کرنا شروع کر دی۔

وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ طالبان نے اپنی عوام کو بنیادی انسانی حقوق سے محروم کیا اور خواتین کو وہ حقوق بھی نہیں دیے جو اسلام دیتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : آپریشن غضب للحق: انگور اڈہ اور شوال سیکٹر میں پاک فوج کی مؤثر جوابی کارروائیاں، افغان پوسٹیں تباہ، ایک پوسٹ پر قبضہ

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے براہ راست اور دوست ممالک کے ذریعے حالات کو معمول پر رکھنے کے لیے بھرپور سفارت کاری کی، مگر جب پاکستان کو جارحیت کا نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی تو افواج پاکستان نے فیصلہ کن جواب دیا۔

خواجہ آصف نے سخت لہجے میں کہا کہ پاکستان کی فوج سمندر پار سے نہیں آئی، ہم تمہارے ہمسائے ہیں اور تمہاری اوقات جانتے ہیں۔ ہمارا صبر کا پیمانہ لبریز ہو چکا ہے، اب کھلی جنگ کی صورت حال ہے اور دشمن کو واضح پیغام دیا جا چکا ہے۔

Scroll to Top