نسیم شاہ کی متنازع ٹویٹ پر ایمل ولی خان کا شدید ردعمل

ایران پر امریکی و اسرائیلی حملے خطے کو عالمی جنگ کی طرف دھکیل رہے ہیں،ایمل ولی خان

عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر سینیٹر ایمل ولی خان نے کہا ہے کہ ایران پر امریکی و اسرائیلی حملہ خطے کو ایک خطرناک عالمی تصادم کی جانب دھکیل رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان حملوں میں آیت اللہ علی خامنہ ای کی شہادت اسلامی ممالک کے منہ پر طمانچہ ہے اور یہ سانحہ پوری مسلم دنیا کیلئے لمحۂ فکریہ ہے۔

باچا خان مرکز پشاور سے جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ جب ایک ایک کرکے مسلم خطے آگ کی لپیٹ میں آتے رہے تو کوئی مشترکہ حکمت عملی اور اجتماعی مؤقف سامنے نہ آسکا۔ مشرقِ وسطیٰ کی کشیدہ صورتحال، پاک افغان سرحدی تناؤ اور ایران پر حالیہ حملے اس بات کی علامت ہیں کہ خطہ ایک نازک اور خطرناک موڑ پر کھڑا ہے۔ اگر فوری اور مؤثر سفارتی اقدامات نہ کیے گئے تو یہ صورتحال کسی بڑے عالمی تصادم میں تبدیل ہوسکتی ہے۔

ایمل ولی خان نے کہا کہ امریکہ ایک جانب غزہ کے مسئلے پر امن کی بات کرتا ہے اور دوسری طرف اسرائیل کے ساتھ مل کر خودمختار ریاستوں پر حملوں کی قیادت کرتا ہے، جو کھلا تضاد اور دوہرا معیار ہے۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ پاکستان بھی پارلیمان کو اعتماد میں لیے بغیر ایسے فورمز کا حصہ بن رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایران کے معاملے پر پاکستان سمیت اسلامی ممالک کا کردار انتہائی مایوس کن رہا ہے اور اب تک کسی بڑے مسلمان ملک کی جانب سے امریکی و اسرائیلی جارحیت کی کھل کر مذمت سامنے نہیں آئی۔ ان کا کہنا تھا کہ آیت اللہ خامنہ ای کی سیاسی فکر سے اختلاف کیا جا سکتا ہے، تاہم یہ حقیقت ہے کہ وہ 86 برس کی عمر میں بھی اپنے نظریے اور امریکی استعمار کے خلاف مؤقف پر قائم رہے، اور استقامت ان کی سیاسی زندگی کا نمایاں پہلو رہے گی۔

عوامی نیشنل پارٹی نے ایران کی حکومت اور عوام کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں ہم ایران کے ساتھ کھڑے ہیں۔ بیان کے اختتام پر شہداء کے درجات کی بلندی اور خطے میں مزید خونریزی سے بچاؤ کیلئے دعا بھی کی گئی۔

Scroll to Top