پاکستان میں سونے کی قیمت میں حیران کن کمی، فی تولہ ہزاروں روپے سستاہوگیا

عالمی اور مقامی صرافہ مارکیٹوں میں سونے کی قیمتوں میں جاری مسلسل اضافے کے بعد آج اچانک بڑی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

آل پاکستان صرافہ جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق ملک بھر میں فی تولہ سونے کی قیمت میں 13 ہزار 900 روپے کی نمایاں کمی ہوئی ہے، جس کے بعد 24 قیراط سونے کی قیمت 5 لاکھ 49 ہزار 962 روپے کی سطح پر آگئی ہے۔

صرافہ ایسوسی ایشن کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق 10 گرام سونے کی قیمت میں بھی 11 ہزار 917 روپے کی کمی واقع ہوئی ہے، جس کے بعد اب 10 گرام سونا 4 لاکھ 71 ہزار 503 روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔

مقامی مارکیٹ میں کمی کا یہ رجحان عالمی مارکیٹ میں سونے کے نرخ گرنے کے باعث دیکھا گیا ہے جہاں بین الاقوامی مارکیٹ میں سونے کی قیمت 139 ڈالر کی بڑی کمی کے بعد 5272 ڈالر فی اونس پر آگئی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز سونے کی قیمتیں ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح 5 لاکھ 63 ہزار 862 روپے پر پہنچ گئی تھیں ۔

معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ عالمی سطح پر ڈالر کی قدر میں بہتری اور سرمایہ کاروں کی جانب سے منافع کے حصول کے لیے سونے کی فروخت نے قیمتوں پر دباؤ ڈالا ہے۔

سونے کے ساتھ ساتھ چاندی کی قیمتوں میں بھی آج کمی دیکھی گئی ہےجہاں فی تولہ چاندی 1146 روپے کی کمی کے بعد 8 ہزار 904 روپے پر آگئی ہے۔

مارکیٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ مشرق وسطیٰ کی صورتحال اور عالمی معاشی اتار چڑھاؤ کی وجہ سے سونے کی قیمتوں میں غیر یقینی صورتحال برقرار رہنے کا امکان ہے۔

اس وقت مقامی صرافہ بازاروں میں خریداروں کی آمد و رفت میں بھی تیزی دیکھی جا رہی ہے کیونکہ گزشتہ کئی دنوں سے قیمتیں ریکارڈ سطح پر ہونے کی وجہ سے کاروبار جمود کا شکار تھا۔

Scroll to Top