نیشنل ٹی ٹوئنٹی کیلئے وینیو ایک بار پھر تبدیل،وجہ سامنے آگئی

خیبرپختونخوا کے مشیرِ کھیل تاج محمد ترند نے کہا ہے کہ 5مارچ سے شروع ہونے والی نیشنل قومی کرکٹ چیمپئن شپ کے ابتدائی میچز خطے کی موجودہ صورتحال اور سیکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر راولپنڈی منتقل کر دیے گئے ہیں۔

انہوں نے وضاحت کی کہ یہ فیصلہ کسی تکنیکی خرابی کی وجہ سے نہیں بلکہ افغانستان، پاکستان، ایران سمیت امریکہ اور اسرائیل کے درمیان پیدا ہونے والی حالیہ کشیدگی اور علاقائی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔

تاہم انہوں نے خوشخبری سنائی کہ چیمپئن شپ کے سیمی فائنل اور فائنل مقابلے اپنے شیڈول کے مطابق پشاور میں ہی منعقد ہوں گے۔

عمران خان کرکٹ گراؤنڈ کی تیاریوں کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے تاج محمد ترند نے بتایا کہ اسٹیڈیم مکمل طور پر تیار ہے اور یہاں انٹرنیشنل معیار کی تمام سہولیات دستیاب ہیں۔ اسٹیڈیم میں جدید لائٹنگ سسٹم، بہترین پچز اور تماشائیوں کے بیٹھنے کے لیے عالمی معیار کی نشستیں نصب کی جا چکی ہیں۔

انہوں نے اس تاثر کو غلط قرار دیا کہ اسٹیڈیم میں سہولیات کی کمی ہے بلکہ ان کا کہنا تھا کہ گراؤنڈ ہر لحاظ سے کسی بھی بین الاقوامی مقابلے کی میزبانی کے لیے موزوں ہے۔

مشیرِ کھیل نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت صوبے میں کھیلوں کے فروغ کے لیے پرعزم ہے اور کھلاڑیوں کو بہترین پلیٹ فارم مہیا کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ سیمی فائنل اور فائنل کے لیے پشاور کے شائقین کرکٹ کو اپنے شہر میں بہترین مقابلے دیکھنے کو ملیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت کھلاڑیوں کی حفاظت اور کھیلوں کے تسلسل کے درمیان توازن برقرار رکھنے کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے۔

Scroll to Top