پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (PTA) نے موبائل صارفین کے بیلنس سے غیر متوقع اور غیر مجاز کٹوتیوں کے بڑھتے ہوئے واقعات کا نوٹس لیتے ہوئے ملک بھر کے صارفین کے لیے ہدایات جاری کر دی ہیں۔
پی ٹی اے کے مطابق اتھارٹی کو مسلسل ایسی شکایات موصول ہو رہی ہیں جہاں صارفین کی اجازت کے بغیر مختلف ویلیو ایڈڈ سروسز (VAS) فعال کر دی جاتی ہیں، جس کے نتیجے میں ان کا بیلنس کٹ جاتا ہے۔
اتھارٹی نے واضح کیا ہے کہ کسی بھی صارف کی واضح اجازت، ون ٹائم پاس ورڈ (OTP) کی تصدیق یا مخصوص یو ایس ایس ڈی (USSD) کوڈ ڈائل کیے بغیر کوئی بھی سروس فعال کرنا غیر قانونی ہے۔
ترجمان پی ٹی اے کے مطابق ویلیو ایڈڈ سروسز میں کالر ٹیوٹ، روزانہ ایس ایم ایس الرٹس، انٹرنیٹ بنڈلز، مسڈ کال الرٹس، موبائل گیمز اور انفوٹینمنٹ جیسی خدمات شامل ہیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ اگر کسی صارف نے او ٹی پی شیئر نہیں کیا اور نہ ہی کوئی کوڈ ڈائل کیا، تو ایسی صورت میں سروس کی ایکٹیویشن کو غیر مجاز تصور کیا جائے گا۔
پی ٹی اے نے صارفین کو تاکید کی ہے کہ وہ باقاعدگی سے اپنے موبائل بیلنس اور فعال سبسکرپشنز کو چیک کریں تاکہ کسی بھی غیر ضروری مالی نقصان سے بچا جا سکے۔
حکام نے مزید ہدایت کی ہے کہ اگر کسی صارف کو اپنے بیلنس میں بلاوجہ کٹوتی نظر آئے تو وہ فوری طور پر متعلقہ ٹیلی کام آپریٹر سے رابطہ کر کے شکایت درج کروائے اورشکایت ریفرنس نمبرلازمی حاصل کرے۔ اگر آپریٹر مقررہ وقت میں مسئلہ حل کرنے میں ناکام رہے تو صارفین پی ٹی اے کے کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم (CMS) کے ذریعے براہِ راست رجوع کر سکتے ہیں۔
پی ٹی اے نے عزم ظاہر کیا ہے کہ ٹیلی کام سیکٹر میں شفافیت اور صارفین کے حقوق کا تحفظ ہر صورت یقینی بنایا جائے گا اور مشکوک سرگرمیوں میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔





