مشرق وسطیٰ میں جاری جنگی کشیدگی اور خطے میں سکیورٹی خدشات کے باعث پاکستان سے خلیجی ممالک کے لیے فضائی پروازیں شدید متاثر ہوئی ہیں۔
ملک کے مختلف ایئرپورٹس سے 90 سے زائد پروازیں منسوخ کی گئیں جبکہ تقریباً 50 پروازیں آپریٹ ہونے کی امید ظاہر کی گئی، اس کا اثر نہ صرف خلیجی ممالک میں ملازمت کرنے والے پاکستانیوں بلکہ عمرہ زائرین اور یورپ و امریکا جانے والے مسافروں پر بھی پڑا ہے۔
پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی کے مطابق سب سے زیادہ متاثر ہونے والے شہر کراچی، لاہور اور اسلام آباد ہیں، جہاں روزانہ درجنوں پروازیں روانہ ہوتی ہیں۔
کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے دوحہ، دبئی، شارجہ، ابوظبی اور بحرین جانے والی 25 پروازیں منسوخ ہوئیں جبکہ 13 پروازوں کے آپریٹ ہونے کا امکان ہے۔
لاہور سے 22 اور اسلام آباد سے 26 پروازیں منسوخ کی گئی ہیں، جب کہ کچھ پروازیں محدود آپریشن کے تحت روانہ کی جا رہی ہیں، پشاور، سیالکوٹ، ملتان اور فیصل آباد سے بھی متعدد پروازیں منسوخ یا محدود آپریشن کے تحت چل رہی ہیں۔
ایوی ایشن ذرائع کے مطابق گزشتہ 8 روز میں پاکستان سے مشرق وسطیٰ جانے والی منسوخ پروازوں کی تعداد 1200 سے زائد ہو چکی ہے اور عالمی سطح پر بھی خطے میں ایک ہفتے میں تقریباً 27 ہزار 600 پروازیں منسوخ ہو چکی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: فضائی سفر بحران کا شکار،خطے میں کشیدگی کے باعث پاکستان سے 97 پروازیں منسوخ
حکام کا کہنا ہے کہ صورتحال ہر چند گھنٹوں بعد بدل رہی ہے اور ایئرلائنز مسلسل اپنے شیڈول کا جائزہ لے رہی ہیں، کچھ بڑی خلیجی ایئرلائنز جیسے اتحاد ایئرویز، امارات اور ایئر عربیہ نے جزوی طور پر پروازیں آپریٹ رکھیں، لیکن یہ پروازیں معمول کے مقابلے میں بہت کم ہیں۔





