فضائی سفر بحران کا شکار،خطے میں کشیدگی کے باعث پاکستان سے 97 پروازیں منسوخ

فضائی سفر بحران کا شکار،خطے میں کشیدگی کے باعث پاکستان سے 97 پروازیں منسوخ

مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی اور جنگی صورتحال کے باعث پاکستان سے مشرقِ وسطیٰ جانے والی پروازیں بدستور متاثر ہیں اور آج بھی 97 پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں، جبکہ 58 پروازوں کے آپریشن کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق کراچی سے دوحہ، دبئی، شارجہ، ابوظبی اور بحرین جانے والی 25 پروازیں منسوخ ہوئیں، جبکہ 13 پروازوں کے روانہ ہونے کی توقع ہے۔ لاہور سے ابوظبی، دبئی، دوحہ اور شارجہ کی 22 پروازیں منسوخ کی گئی ہیں اور 7 پروازوں کے اڑان بھرنے کا امکان ہے۔

اسی طرح اسلام آباد سے دبئی، ابوظبی، دوحہ اور شارجہ کی 26 پروازیں منسوخ ہو چکی ہیں جبکہ 16 پروازیں آپریشنل رہنے کا امکان ہے۔ پشاور سے شارجہ، ابوظبی، دبئی اور راس الخیمہ کی 10 پروازیں منسوخ کی گئی ہیں جبکہ 6 پروازوں کے روانہ ہونے کی توقع ہے۔

سیالکوٹ سے دوحہ، دبئی اور شارجہ کی 5 پروازیں منسوخ ہوئیں جبکہ 4 پروازیں آپریٹ کی جا رہی ہیں۔ ملتان سے شارجہ، دبئی، ابوظبی اور دمام کی 6 پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں، جبکہ فیصل آباد سے دبئی اور شارجہ کی 3 پروازیں منسوخ ہونے کے باوجود 4 پروازیں آپریشن میں ہیں۔

رپورٹس کے مطابق گزشتہ 8 روز کے دوران پاکستان سے مشرقِ وسطیٰ جانے والی منسوخ پروازوں کی تعداد 1300 تک پہنچ چکی ہے، جبکہ پورے مشرقِ وسطیٰ میں ایک ہفتے کے دوران منسوخ پروازوں کی مجموعی تعداد 27 ہزار 600 ہو گئی ہے۔

دوسری جانب دوحہ ایئرپورٹ نے ایک ہفتے کی بندش کے بعد آج سے جزوی طور پر فلائٹ آپریشن بحال کرنے کا اعلان کر دیا ہے، جس سے مسافروں کو کچھ حد تک ریلیف ملنے کی امید ہے۔

Scroll to Top