واٹس ایپ کا نیا پریمیم سبسکرپشن پلان متعارف کرانے کی تیاری

دنیا کی مقبول ترین میسجنگ ایپ واٹس ایپ ایک نئے پریمیم سبسکرپشن پلان واٹس ایپ پلس پر کام کر رہی ہے جس کے تحت صارفین کو ایپ میں اضافی کسٹمائزیشن اور چیٹ کنٹرول کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

یہ سبسکرپشن موجودہ مفت ورژن کے ساتھ ہی دستیاب ہوگا اور جو صارفین اضافی فیچرز استعمال کرنا چاہیں گے وہ ماہانہ فیس ادا کر کے اس سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔

رپورٹس کے مطابق واٹس ایپ اپنی بنیادی سروسز بدستور مفت رکھنے کا ارادہ رکھتی ہے اس کا مطلب ہے کہ صارفین بغیر کسی فیس کے پیغامات بھیج سکیں گے، وائس اور ویڈیو کالز کر سکیں گے، تصاویر اور ویڈیوز شیئر کر سکیں گے اور پرائیویسی ٹولز استعمال کر سکیں گے۔

پریمیم سبسکرپشن لینے والے صارفین کو ایپ کے ڈیزائن اور استعمال کے انداز کو مزید بہتر بنانے کے لیے اضافی فیچرز فراہم کیے جائیں گے۔

ٹیکنالوجی ویب سائٹ WABetaInfo کے مطابق کمپنی اس فیچر کو اینڈرائیڈ اور آئی او ایس کے ڈیویلپمنٹ ورژنز میں آزما رہی ہے، اس کے ساتھ ایک ویٹ لسٹ سسٹم پر بھی تجربہ کیا جا رہا ہے جس کے ذریعے بیٹا صارفین سبسکرپشن دستیاب ہونے پر نوٹیفکیشن حاصل کر سکیں گے۔

مجوزہ واٹس ایپ پلس سبسکرپشن میں بنیادی طور پر کسٹمائزیشن اور چیٹ مینجمنٹ کو بہتر بنانے پر توجہ دی گئی ہے، اس کے تحت صارفین کو چیٹس اور ایپ انٹرفیس کے لیے کسٹم تھیمز، تین کے بجائے بیس چیٹس پن کرنے کی سہولت، خصوصی اسٹیکر پیکس اور ایپ کے لیے چودہ مختلف آئیکنز کا انتخاب دیا جا سکتا ہے۔

اس کے علاوہ صارفین کو انٹرفیس کے لیے مختلف ایکسنٹ کلر آپشنز، واٹس ایپ کالز کے لیے کسٹم رنگ ٹونز، اضافی ری ایکشنز اور گفتگو کے خصوصی ایفیکٹس بھی مل سکیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: واٹس ایپ نے نئے گروپ ممبرز کے لیے پرانے پیغامات دیکھنے کا فیچر متعارف کر دیا

تاہم کمپنی نے ابھی تک اس سبسکرپشن کی قیمت یا لانچ کی حتمی تاریخ کا اعلان نہیں کیا، فی الحال یہ فیچر تیاری کے مرحلے میں ہے اور محدود بیٹا صارفین کے ساتھ اس کی آزمائش جاری ہے جبکہ بنیادی میسجنگ سروس دنیا بھر کے اربوں صارفین کے لیے بدستور مفت ہی رہے گی۔

Scroll to Top