پشاور زلمی نے راولپنڈیز کوشکست دے دی

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل )کے گیارہویں ایڈیشن کے تیسرے میچ میں پشاور زلمی نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد راولپنڈیز کو 5 وکٹوں سے ہرا دیا ہے۔

قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے اس ہائی اسکورنگ میچ میں پشاور زلمی نے 215 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف آخری اوور میں 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر کے ٹورنامنٹ میں اپنی دھاک بٹھا دی ہے۔

اس سے قبل راولپنڈیز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 214 رنز کا بھاری مجموعہ ترتیب دیا تھا۔ راولپنڈیز کی جانب سے یاسر خان نے جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 83 رنز کی بہترین اننگز کھیلی، جبکہ کپتان محمد رضوان 41 رنز بنا کر دوسرے نمایاں بلے باز رہے۔

پشاور زلمی کی باؤلنگ لائن راولپنڈیز کے بلے بازوں کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوئی، تاہم علی رضا نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کر کے کچھ مزاحمت دکھائی۔

عامر جمال اور ایرون ہارڈی نے بھی ایک ایک وکٹ حاصل کی لیکن زلمی کے دیگر باؤلرز رنز روکنے میں ناکام رہے جس کا فائدہ راولپنڈیز کے بیٹرز نے بھرپور طریقے سے اٹھایا۔

پشاور زلمی نے 215 رنز کا ہدف آخری اوور میں 5 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔

زلمی کی جانب سے ابتدائی بلے بازوں کپتان بابر اعظم 39 اور محمد حارث نے 47 رنز کی اننگز کھیلی اور ٹیم کو زبردست بنیاد فراہم کی۔

تاہم اختتامی لمحات میں عبدالصمد، مائیکل بریسویل اور عامر جمال کی دھواں دار بیٹنگ کی بدولت پشاور یہ میچ 5 وکٹوں سے جیت گیا۔

عبدالصمد نے 11 گیندوں پر 33 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ بریسویل 17 گیندوں پر 35 اور عامر جمال 5 گیندوں پر 17 رنز بنا کر ناقابلِ شکست رہے۔

Scroll to Top