پاکستان تحریک انصاف خیبر پختونخوا کے تمام ریجنل صدور اور جنرل سیکرٹریز کو عہدوں سے فارغ کر دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) خیبرپختونخوا کے جنرل سیکرٹری علی اصغر خان نے باضابطہ اعلامیہ جاری کرتے ہوئے تمام ریجنل صدور اور جنرل سیکرٹریز کے عہدے تحلیل کرنے کا اعلان کردیا۔
جنرل سیکرٹری پی ٹی آئی خیبرپختونخوا کے مطابق، پارٹی کی تنظیمی صلاحیت کو مزید مؤثر بنانے اور قیادت کی توجہ حکومت و پارٹی امور پر مرکوز رکھنے کے لیے یہ اقدام اٹھایا گیا ہے، جبکہ نئے تقرریوں کا اعلان جلد کیا جائے گا۔
جنرل سیکرٹری کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی خیبرپختونخوا کے صدر جنید اکبر نے کہا کہ پارٹی چیئرمین عمران خان کی ہدایت پر خیبرپختونخوا میں پارٹی ڈھانچے کی ازسرنو تشکیل کی جا رہی ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ تنظیم نو کا مقصد یہ ہے کہ حکومتی عہدے رکھنے والے افراد بیک وقت پارٹی تنظیم میں کوئی ذمہ داری نہ سنبھالیں، تاکہ دونوں معاملات کو بہتر انداز میں چلایا جا سکے۔