پشاور: لکی مروت کے شہید پولیس اہلکار عبدالرحمان کی بیوہ ناہید بی بی نے اپنے بچوں کی کفالت اور معاشی مسائل کے حوالے سے آئی جی خیبر پختونخوا کو خط ارسال کیا ہے۔
خط میں ناہید بی بی نے بتایا کہ ان کے شوہر کو ستمبر 2024 میں مسجد سے باہر نکلتے وقت دہشت گردوں نے شہید کر دیا تھا۔ وہ تھانہ صدر بنوں میں تعینات تھے اور ان کی شہادت کو چھ ماہ گزر چکے ہیں۔
اس کے باوجود نہ تو ان کی تنخواہ جاری کی گئی ہے اور نہ ہی شہدا پیکج مل سکا ہے۔
ناہید بی بی نے خط میں ذکر کیا کہ ان کے 9 بچیاں اور ایک بیٹا ہے، جن کی کفالت کے لیے وہ مختلف دفاتر کے چکر لگا کر قرض لے چکی ہیں، مگر تاحال ان کی مشکلات کا کوئی حل نہیں نکلا۔
ان کی مالی حالت اتنی خراب ہو چکی ہے کہ بچے فاقہ کشی پر مجبور ہو گئے ہیں اور وہ بھیک مانگنے پر مجبور ہیں۔
یہ بھی پڑھیں خیبرپختونخوا، شہید پولیس اہلکاروں کو ورثاء شہداء پیکج کے منتظر
آئی جی خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید نے اس حوالے سے جیو نیوز کو بتایا کہ کیس کو مکمل کر کے صوبائی حکومت کو بھجوا دیا گیا ہے اور محکمہ داخلہ نے اس کیس کو محکمہ خزانہ کو بھی ارسال کر دیا ہے۔
تاہم، تاحال محکمہ خزانہ سے شہدا پیکج کے لیے فنڈز جاری نہیں کیے گئے ہیں جس کی وجہ سے متاثرہ خاندانوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔