پی ایس ایل 11،حیدرآباد کنگز مین نے ملتان سلطانز کے خلاف ٹاس جیت لیا

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 11ویں ایڈیشن کے 8ویں میچ میں حیدرآباد کنگز مین نے ملتان سلطانز کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے اس اہم مقابلے میں حیدرآباد کی ٹیم ٹورنامنٹ میں اپنی پہلی فتح حاصل کرنے کے لیے میدان میں اتری ہےجبکہ ملتان سلطانز اپنی جیت کے تسلسل کو برقرار رکھنے کے لیے پرعزم ہے۔

واضح رہے کہ جاری ایونٹ میں یہ ملتان سلطانز کا دوسرا میچ ہے، جنہوں نے اپنے افتتاحی میچ میں کامیابی حاصل کر کے شاندار آغاز کیا تھا۔ دوسری جانب حیدرآباد کنگز مین کے لیے یہ تیسرا مقابلہ ہے، جہاں ٹیم کو اپنے پچھلے دونوں میچوں میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

کپتان مارنس لبوشین کی قیادت میں ٹیم آج بہتر کارکردگی دکھا کر پوائنٹس ٹیبل پر اپنا کھاتہ کھولنے کی کوشش کرے گی۔

ٹورنامنٹ کی مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو گزشتہ روز اسلام آباد یونائیٹڈ اور پشاور زلمی کے درمیان شیڈول میچ بارش کی وجہ سے مکمل نہ ہو سکا تھا۔ امپائرز نے میچ ختم کر کے دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ دے دیا تھا، جس کے بعد اب شائقین کی نظریں لاہور میں ہونے والے اس بڑے ٹکراؤ پر جمی ہوئی ہیں۔

Scroll to Top