پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 11 کے گیارہویں میچ میں دفاعی چیمپیئن لاہور قلندرز اور ملتان سلطانز کے درمیان ٹاس شدید بارش کی وجہ سے تاخیر کا شکار ہو گیا ہے۔
قذافی اسٹیڈیم لاہور میں جمعے کے روز شیڈول اس میچ کا ٹاس اصل وقت کے مطابق شام 6:30 بجے ہونا تھا، تاہم اچانک شروع ہونے والی بارش کے باعث گراؤنڈ اسٹاف نے پچ اور اسکوائر کو کور کر دیا ہے۔
بارش کے مسلسل جاری رہنے اور آؤٹ فیلڈ کے زیرکور ہونے کی وجہ سے ٹاس کے نئے وقت کا اعلان فی الحال مؤخر کر دیا گیا ہے۔
دونوں ٹیموں کے باہمی ریکارڈ پر نظر ڈالی جائے تو یہ اب تک 21 مرتبہ ایک دوسرے کے مدمقابل آ چکی ہیں۔ ان مقابلوں میں ملتان سلطانز کا پلڑا معمولی بھاری رہا ہے جس نے 11 میچز جیتے ہیں جبکہ لاہور قلندرز نے 10 میچوں میں فتح حاصل کی۔
دونوں ٹیموں کے درمیان آخری ٹکراؤ گزشتہ سال 26 اپریل کو اسی مقام پر ہوا تھا جس میں قلندرز کامیاب رہے تھے۔
پوائنٹس ٹیبل پر اس وقت ایسٹن ٹرنر کی قیادت میں ملتان سلطانز کی پوزیشن مستحکم ہے اور وہ دو فتوحات کے ساتھ دوسرے نمبر پر براجمان ہیں۔
دوسری جانب شاہین شاہ آفریدی کی قیادت میں لاہور قلندرز اب تک ایک جیت اور ایک ہار کے ساتھ پانچویں نمبر پر موجود ہے اور اسے اپنی پوزیشن بہتر بنانے کے لیے آج کے میچ میں کامیابی کی ضرورت ہے۔





