پاکستان نیوی نے اپنے بحری بیڑے میں جدید جنگی جہاز پی این ایس خیبر کو شامل کر لیا ہے جو بحری دفاعی صلاحیت میں ایک اہم اضافہ قرار دیا جا رہا ہے۔
اس موقع پر منعقدہ تقریب میں نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاک بحریہ جدید ٹیکنالوجی اور جدید پلیٹ فارمز سے لیس ہو چکی ہے جو دشمن کے اہم اہداف اور بحری اثاثوں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
ترجمان پاکستان نیوی کے مطابق پی این ایس خیبر، ملجم کلاس کی دوسری جدید کورویٹ ہے جس کی شمولیت بحری قوت کو مزید مضبوط بنائے گی۔
نیول چیف نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کا جغرافیائی محل وقوع، جو اہم بحری تجارتی راستوں اور توانائی کی راہداریوں کے قریب واقع ہے، ایک مضبوط، متوازن اور تکنیکی طور پر جدید نیوی کا تقاضا کرتا ہے۔
ایڈمرل نوید اشرف نے اپنے خطاب میں کہا کہ معرکۂ حق کے دوران پاک بحریہ مکمل طور پر تیار تھی کہ بھارتی بحری بیڑے کو مؤثر جواب دے سکے، جس کے باعث دشمن کو پسپائی اختیار کرنا پڑی۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے سمندری مفادات کو چیلنج کرنے کی کسی بھی کوشش کا بھرپور اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: پی این ایس سی میں نیا موڑ!وزیراعظم نے این ایل سی کو 30 فیصد حصص اور مینجمنٹ کنٹرول کی منظوری دیدی
انہوں نے مزید کہا کہ پی این ایس خیبر اور مستقبل میں شامل ہونے والی ہینگور کلاس آبدوزیں پاک بحریہ کی جدید کاری کا اہم سنگ میل ہیں، جو آپریشنل صلاحیت، جنگی طاقت اور اسٹریٹجک رسائی میں نمایاں اضافہ کریں گی۔
تقریب کے اختتام پر نیول چیف نے پی این ایس خیبر کے عملے کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاک بحریہ ملک کی سمندری سرحدوں کے دفاع اور خودمختار پانیوں کے تحفظ کی ذمہ داری پوری قوت کے ساتھ نبھاتی رہے گی۔





