پشاور: گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے صوبے میں بجلی اور گیس کی شدید لوڈ شیڈنگ پر وزیر اعظم پاکستان کو خط لکھ دیا ہے۔
خط میں انہوں نے رمضان المبارک کے دوران بجلی اور گیس کی بندش کو ناقابل برداشت قرار دیتے ہوئے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔
گورنر خیبرپختونخوا کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا وافر مقدار میں بجلی اور قدرتی گیس پیدا کرنے والا صوبہ ہے، لیکن اس کے باوجود یہاں کے عوام کو اپنے ہی وسائل سے پیدا ہونے والی بجلی اور گیس سے محروم رکھا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک میں لوڈ شیڈنگ کے باعث شہری شدید مشکلات کا شکار ہیں، خاص طور پر سحری، افطاری اور عبادات کے اوقات میں بجلی اور گیس کی عدم دستیابی نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔
فیصل کریم کنڈی نے مزید کہا کہ وزیر اعظم کی جانب سے رمضان میں بجلی اور گیس کی بلاتعطل فراہمی کے احکامات کے باوجود ان پر عملدرآمد نہیں ہو رہا، جس سے عوام میں شدید بے چینی پائی جاتی ہے۔
گورنر خیبرپختونخوا نے وزیر اعظم سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر خیبرپختونخوا میں بجلی اور گیس کی لوڈ شیڈنگ کا نوٹس لیں تاکہ عوام کو درپیش مشکلات کا ازالہ کیا جا سکے۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر بجلی اور گیس کے مسائل حل ہو جائیں تو خیبرپختونخوا کے عوام بھی دیگر ہم وطنوں کی طرح پرسکون انداز میں رمضان کی عبادات پر توجہ دے سکیں گے۔