پی ایس ایل 11: پشاور زلمی کا کراچی کنگز کو بڑا ہدف

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل )کے 17 ویں میچ میں پشاور زلمی نے کراچی کنگز کے خلاف رنز کا پہاڑ کھڑا کر دیا ہے۔

کراچی کے نیشنل بینک اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ میں پشاور زلمی نے مقررہ 20 اوورز میں محض 3 وکٹوں کے نقصان پر 246 رنز کا بھاری ہدف ترتیب دیا ہے۔

زلمی کی جانب سے کشال مینڈس نے جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف 52 گیندوں پر 109 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی جس میں 14 چوکے اور 4 بلند و بالا چھکے شامل تھے۔ کپتان بابر اعظم نے بھی اپنی عمدہ فارم کو برقرار رکھا اور 51 گیندوں پر 87 رنز بنا کر ٹیم کی پوزیشن کو مزید مستحکم کیا۔

اننگز کے آخری لمحات میں عبدالصمد نے کراچی کنگز کے باؤلرز کی ایک نہ چلنے دی اور صرف 12 گیندوں پر 40 رنز کی طوفانی اننگز کھیل کر مجموعے کو 246 تک پہنچا دیا۔

کراچی کنگز کا ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ سودمند ثابت نہ ہوا اور ان کے باؤلرز زلمی کے بیٹرز کے سامنے بے بس نظر آئے۔ عباس آفریدی نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا مگر اپنے 4 اوورز میں 55 رنز دے ڈالے جبکہ خوشدل شاہ کے حصے میں ایک وکٹ آئی۔

ایڈم زمپا اور میر حمزہ سمیت دیگر تجربہ کار باؤلرز رنز کی رفتار روکنے میں ناکام رہے۔کراچی کنگز کو جیت کے لیے 247 رنز کا مشکل ترین ہدف درکار ہے جس کے لیے انہیں پی ایس ایل کی تاریخ کی بہترین بیٹنگ کرنا ہوگی۔

Scroll to Top